Time 16 اکتوبر ، 2024
دنیا

3 دن میں 12 بھارتی مسافر طیاروں کو بم سے اڑانے کی جھوٹی اطلاع پر اتار لیا گیا

3 دن میں 12 بھارتی مسافر طیاروں کو بم سے اڑانے کی جھوٹی اطلاع پر اتار لیا گیا
پیر والے دن انڈیا گو اور ائیر انڈیا کی بھارت سے نیویارک، مسقط اور جدہ جانے والی پروازوں میں بم کی اطلاع ملی: فائل فوٹو

گزشتہ 3 دنوں کے دوران کم از کم 12 بھارتی مسافر طیاروں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی جس کے باعث مختلف بھارتی ائیر لائنز کا فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آج 3 مسافر طیاروں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی جبکہ گزشتہ 3 دنوں میں ائیر انڈیا، انڈیا گو، اکاسا ائیر فلائٹ اور اسپائس جیٹ کے 12 طیاروں میں بم کی موجودگی کی جھوٹی اطلاع ملی جس کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر ہے۔

خبر کے مطابق پیر والے دن انڈیا گو اور ائیر انڈیا کی بھارت سے نیویارک، مسقط اور جدہ جانے والی پروازوں میں بم کی اطلاع ملی جب کہ گزشتہ روز بھی بھارت کی 7 مقامی اور انٹرنیشنل پروازوں کو بم ہونے کی جھوٹی اطلاع ملی تھی۔ 

بی بی سی میڈیا رپورٹ کے مطابق ائیر انڈیا کی دہلی سے شکاگو جانے والی پرواز میں اس وقت بم کی جھوٹی اطلاع ملی جب پرواز ہوا میں تھی جس پر پرواز کو ہنگامی طور پر ایک کینڈین ائیرپورٹ پر  اتارا گیا۔ 

خبر  کے مطابق گزشتہ روز ہی ائیر انڈیا کی ایک اور پرواز کو بم کی اطلاع ملنے کے بعد آبادی سے دور کرنے اور اس کی حفاظت کے لیے سنگاپور ائیر فورس نے اپنی حدود میں 2 جیٹ طیاروں کو بھی بھیجا، طیارے کو سنگاپور کے چھانگی ائیرپورٹ پر لینڈ کرایا گیا۔ 

واضح رہے طیاروں میں بم ہونے کی جھوٹی اطلاعات سوشل میڈیا اور ای میلز کے ذریعے دی گئیں اور بھارت  میں ایسے واقعات ماضی میں بھی ہوتے رہے ہیں مگر یہ پہلی دفعہ ہے کہ اس قدر بڑی تعداد میں مسافر طیاروں کو بم سے اڑانے کی جھوٹی خبریں دی گئیں۔ 

بھارتی ایوی ایشن اور سکیورٹی حکام کے مطابق بم کی جھوٹی اطلاع دینے والوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ 

مزید خبریں :