16 اکتوبر ، 2024
میٹا کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم تھریڈز میں ایکٹیویٹی اسٹیٹس کے نام سے ایک نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔
یہ فیچر آپ کو یہ دیکھنے میں مدد فراہم کرے گا کہ تھریڈز پر کون آن لائن ہے۔
انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے اس فیچر کا اعلان ایک تھریڈز پوسٹ میں کیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس فیچر سے آپ کو دیگر افراد سے رئیل ٹائم میں انگیج ہونے کا موقع ملے گا۔
آسان الفاظ میں اب تھریڈز پر آپ کب آن لائن ہوتے ہیں یہ دیگر افراد کے لیے دیکھنا ممکن ہو جائے گا اور یہ فیچر بائی ڈیفالٹ آن ہوگا۔
مگر آپ اسے سیٹنگز میں جاکر ٹرن آف کر سکتے ہیں یا آپ کا آن لائن اسٹیٹس صرف وہی افراد دیکھ سکیں گے جو اس فیچر کو ٹرن آن کریں گے۔
اس فیچر کا بنیادی مقصد تھریڈز میں رئیل ٹائم سرگرمیوں کو بڑھانا ہے کیونکہ یہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم اس حوالے سے ابھی ایکس (ٹوئٹر) سے پیچھے ہے۔
اس فیچر کے تحت جب کوئی فرد تھریڈز پر آن لائن ہوگا تو اس کے یوزر نیم کے آگے نیلے رنگ کا ڈاٹ نظر آئے گا۔
کمپنی کے مطابق اس فیچر کو متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور یہ بتدریج تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔