18 اکتوبر ، 2024
پاکستان نے تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے انڈونیشیا میں ہونے والی چھٹی ایشین اوپن (کیوروگی) تائیکوانڈو چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
کسی بین الاقوامی تائیکوانڈو ایونٹ میں پاکستان کی جانب سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر 3 گولڈ، 3 سلور اور 2 برانز میڈلز جیتے جو کہ ملک کی تائیکوانڈو تاریخ میں ایک یادگار لمحہ ہے۔
چیمپئن شپ میں جمعرات کو پاکستان کے ہارون خان نے 58 کلوگرام کیٹیگری کے فائنل میں اپنے ہم وطن ابوبکر کو شکست دیکر گولڈ میڈل جیتا، ہارون نے یہ مقابلہ سنسنی خیز انداز میں 6-4 اور 9-7 سے جیتا، اسی کیٹیگری میں ابوبکر نے سلور میڈل حاصل کیا۔
خواتین کے 73 کلوگرام کے فائنل میں منیشا علی نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور انڈونیشیا کی پیرماتا ساری کو 4-1 اور 8-2 سے شکست دیکر گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔
اس سے قبل پاکستان کے شاہزیب نے 54 کلوگرام کیٹیگری میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا جبکہ حمزہ عمر سعید اور احتشام الحق نے +87 کلوگرام کیٹیگری میں بالترتیب سلور میڈلز جیتے۔ مظہر عباس نے 80 کلوگرام کیٹیگری میں برانز میڈل جیتا جبکہ خواتین کی 73 کلوگرام کیٹیگری میں ملیحہ علی نے بھی برانز میڈل اپنے نام کیا۔
چیمپئن شپ میں پاکستان نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ قازقستان دوسری اور ملائیشیا تیسری پوزیشن پر رہیں۔
پاکستانی ٹیم کی بہترین کارکردگی کو دیکھتے ہوئے انہیں "بیسٹ ٹیم" کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ شاہزیب کو چیمپئن شپ کا بہترین کھلاڑی اور یوسف کرامی کو بہترین کوچ کے اعزازات سے نوازا گیا۔
پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر لیفٹیننٹ کرنل راجہ وسیم احمد، سی ای او عمر سعید اور پیٹرن ان چیف کووبونگ کم نے ٹیم پاکستان کی اس تاریخی کامیابی پر کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ یہ کامیابی پاکستانی تائیکوانڈو کے روشن مستقبل کی نوید ثابت ہوگی۔