Time 19 اکتوبر ، 2024
پاکستان

پی پی اور جے یو آئی کا ترمیم پر 100 فیصد اتفاق ہوچکا: بلاول کا مولانا سے ملاقات کے بعد اعلان

پی پی اور جے یو آئی کا ترمیم پر 100 فیصد اتفاق ہوچکا: بلاول کا مولانا سے ملاقات کے بعد اعلان
کوشش ہے کہ مولانا فضل الرحمان خود آئینی ترمیم پیش کریں، پی ٹی آئی ثابت کرے وہ سوشل میڈیا کا لشکر نہیں سیاسی جماعت ہے: پی پی چیئرمین — فوٹو: پی پی آئی

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سے آئينی ترمیم پر 100 فیصد اتفاق ہوچکا۔

بلاول بھٹو زرداری نے 24 گھنٹوں میں مولانا فضل الرحمان سے تیسری ملاقات کی۔ یہ ملاقات مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر ساڑھے تین گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہی۔ 

ملاقات کے بعد جے یو آئی کے رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے آئينی ترمیم پر سو فیصد اتفاق ہوچکا ، کوشش ہے کہ مولانا فضل الرحمان خود آئینی ترمیم پیش کریں۔

ان کا کہنا تھاکہ آئین سازی کا عمل تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے ، شکر ہے پی ٹی آئی رہنماؤں کی اپنے بانی سے ملاقات ہوگئی، وہ کم از کم مولانا فضل الرحمان کے مسودے پر تو ووٹ دیں۔

بلاول کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی ثابت کرے  وہ سوشل میڈیا کا لشکر نہیں سیاسی جماعت ہے، حکومت نے بہت صبر کیا، اب اگر پی ٹی آئی والے کل آئینی ترمیم کے بعد رونا دھونا کریں گے تو ان کا ہی قصور ہوگا۔

اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی تھی اور موجودہ سیاسی صورتِ حال پر تبادلہ خیال اور مشاورت کی۔

مزید خبریں :