20 اکتوبر ، 2024
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر نے کہا ہےکہ ہمارے 10 سے 11 ارکان سے رابطہ نہیں ہو رہا ہے۔
پی ٹی آئی کے مزید رہنما مولانا فضل الرحمان کے گھر پہنچ گئے۔ اس موقع پر عامر ڈوگر کا کہنا تھاکہ ہمارے 10 سے 11 ارکان سے رابطہ نہیں ہو رہا ہے، سیاسی کمیٹی نے فیصلہ کیا تھا ہم بائیکاٹ کریں گے۔
صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھاکہ پانچ افراد علامتی طور پر ووٹنگ کے عمل میں حصہ لے سکتے ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہےکہ پی ٹی آئی کے 2 سینیٹرز اور 9 ارکان قومی اسمبلی سے قیادت کا رابطہ نہیں ہوپا رہا اور قیادت کوکوشش کے باوجود رابطے میں کامیابی نہ مل سکی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے بھی 7 ارکان سے رابطہ نہ ہونے کی تصدیق کی ہے جبکہ بیرسٹر گوہر نے گزشتہ روز کہا تھا کہ دو سینیٹرز سے رابطہ نہیں ہوپا رہا۔
پی ٹی آئی ذرائع کا بتانا ہےکہ جن اراکین سے رابطہ نہیں ہوپا رہا ان میں زین قریشی، ظہور قریشی، اسلم گھمن، عثمان علی، ریاض فتیانہ، مقداد حسین اور چوہدری الیاس شامل ہیں۔
پارٹی ذرائع کےمطابق رکن قومی اسمبلی اورنگزیب خان کھچی اور مبارک زیب خان بھی رابطے سے باہر ہیں جبکہ سینیٹر فیصل سلیم اور زرقا سہروردی سے بھی رابطہ نہیں ہو رہا۔
دوسری جانب وفاقی کابینہ نے 26 ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دے دی۔