Time 21 اکتوبر ، 2024
دنیا

غزہ اور لبنان میں جنگ کے لیے اسرائیل روزانہ کتنی رقم خرچ کررہا ہے؟

غزہ اور لبنان میں جنگ کے لیے اسرائیل  روزانہ کتنی رقم خرچ کررہا ہے؟
فوٹو: فائل

غزہ اور لبنان میں جاری جنگ کے نتیجے میں اسرائیل کو روزانہ کروڑوں ڈالر کا نقصان ہورہا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق پہلے سے جاری غزہ جنگ اور لبنان میں زمینی کارروائیوں کا آغاز ہونے کی وجہ سے اسرائیل کے دفاعی اخراجات میں بےتحاشہ اضافہ ہوا ہے۔

اسرائیلی فوج کے ایک اہلکار کے مطابق اخراجات میں اضافے کی بڑی وجہ حالیہ عرصے میں جنوبی لبنان کی جنگ میں ہزاروں کی تعداد میں ریزرو فوجیوں کا  تعینات کیا جانا ہے۔

اسرائیل  کے دفاعی اخراجات میں اضافے کی ایک اور وجہ غزہ اور لبنان میں مہنگے گولہ بارود کا استعمال اور راکٹ کو فضا میں نشانے بنانے والے انٹرسیپٹر میزائلوں کا بڑے پیمانے پر استعمال ہے۔

اسرائیلی فوج کے ایک اہلکار نے بتایا کہ بیروت میں فضائی حملے میں حزب اللہ سربراہ حسن نصر اللہ کو نشانہ بنانے کے لیے 10 سیکنڈ کی کارروائی پر 25 ملین شیکل (66 لاکھ ڈالر سے زائد) کے اخراجات آئے جس کی وجہ حملے میں استعال ہونے والے مہنگے بم تھے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق حسن نصر اللہ کے متوقع جانشین ہاشم صفی الدین پر کیے جانے والے حملے پر بھی 20 ملین شیکل ( 52 لاکھ ڈالر سے زائد) کے اخراجات ہوئے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق ستمبر سے اب تک 50 روز میں اسرائیل کو 25 ارب شیکل (6 ارب 61 کروڑ ڈالر سے زائد) کے دفاعی اخراجات کرنے پڑے ہیں اور ان میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

اسرائیلی فوج کے اہلکار کے مطابق غزہ اور لبنان میں جنگ کے باعث اسرائیلی فوج کو روزانہ 500 ملین شیکل (13 کروڑ ڈالر سے زائد) کے اخراجات برداشت کرنے پڑرہے ہیں۔


مزید خبریں :