21 اکتوبر ، 2024
دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے روایتی نظام تعلیم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کامیابی کے لیے 4 سالہ ڈگری کی ضرورت نہیں ہے۔
ایک تقریب سے خطاب میں ایلون مسک نے روایتی نظام تعلیم پر بات کی جس کے بعد سوشل میڈیا پر اس حوالے سے بحث چل پڑی ہے۔
ایلون مسک نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے حق میں انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کی ویڈیو شیئر کی۔
تقریب سے خطاب میں ایلون مسک کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ کالج کی تعلیم کی اہمیت کو کچھ زیادہ ہی بڑھا چڑھا کر بیان کیا جاتا ہے، بہت سے لوگ کالج میں 4 سال کی تعلیم حاصل کرکے خود پر بہت سے قرض چڑھا لیتے ہیں، لیکن اکثر ان کے پاس ایسا مفید ہنر نہیں ہوتا جسے وہ بعد میں استعمال کرسکیں۔
ایلون مسک کا کہنا تھا کہ میں ایسے لوگوں کی بہت عزت کرتا ہوں جو اپنے ہاتھوں سے کام کرتے ہیں۔ ہمیں الیکٹریشنز، پلمبرز اور کارپینٹرز کی ضرورت ہے اور یہ پولیٹکل سائنس میں ڈگری حاصل کرنے سے زیادہ اہم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہمیں اس خیال کو ترک کردینا چاہیےکہ کامیاب ہونےکے لیے آپ کو 4 سال کی کالج ڈگری کی ضرورت ہے۔
ایلون مسک کا مزید کہنا تھا کہ کالج علم کے حصول کا واحد راستہ نہیں ہے، میرے خیال میں وہاں آپ تفریح کرسکتے ہیں لیکن وہ سیکھنے کی جگہ نہیں ہے۔