Time 09 ستمبر ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

انسان کب تک مریخ پر پہنچ جائیں گے؟ ایلون مسک کی حیران کن پیشگوئی

انسان کب تک مریخ پر پہنچ جائیں گے؟ ایلون مسک کی حیران کن پیشگوئی
ناسا کے Perseverance روور نے یہ تصویر 3 اپریل 2023 کو کھینچی تھی / فوٹو بشکریہ ناسا

ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ 2 سال کے اندر پہلا اسٹار شپ مریخ کے لیے روانہ کیا جائے گا۔

ایکس (ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں اسپیس ایکس کے چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ مریخ کی جانب سے بھیجے جانے والے ابتدائی مشنز میں انسان موجود نہیں ہوں گے اور ان کا مقصد سرخ سیارے پر لینڈنگ کے عمل کی جانچ کرنا ہوگا۔

خیال رہے کہ انسانوں کو چاند اور مریخ پر پہنچانے کے لیے اسپیس ایکس کا تیار کردہ راکٹ اسٹار شپ بہت اہم تصور کیا جاتا ہے۔

اسٹار شپ 2 حصوں پر مشتمل ہے جس میں سے ایک سپر ہیوی بوسٹر ہے، جو ایسا بڑا راکٹ ہے جس میں 33 انجن موجود ہیں جبکہ دوسرا اسٹار شپ اسپیس کرافٹ ہے جو بوسٹر کے اوپر موجود ہے جو اس سے الگ ہو جاتا ہے۔

یہ راکٹ 120 میٹر لمبا ہے جس کا وزن 50 لاکھ کلوگرام ہے اور اسے بار بار استعمال کرنا ممکن ہوگا۔

ایلون مسک نے اب جو اعلان کیا ہے وہ ان کا برسوں پرانا مقصد ہے جو وہاں انسانوں کو بسانا چاہتے ہیں۔

اسٹار شپ کو اس وقت سرخ سیارے کی جانب روانہ کیا جائے گا جب زمین اور مریخ دونوں قریب ترین ہوں گے اور یہ سفر 9 ماہ میں مکمل ہوسکے گا۔

ایلون مسک کے مطابق ابتدائی مشنز کی کامیابی کے بعد انسانوں کو 2028 میں مریخ پر بھیجا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ابتدائی مشنز کامیاب رہے تو پھر انسانوں پر مشتمل پرواز  روانہ کی جائے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس کے بعد پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا اور ہمارا مقصد 20 برس میں ایک مستحکم شہر کو تعمیر کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مریخ میں شہر کی تعمیر کے لیے یہ ضروری ہوگا کہ راکٹ لانچز کی لاگت میں نمایاں کمی لائی جائے، ابھی مریخ پر ایک ٹن سامان کو پہنچانے کے لیے ایک ارب ڈالرز درکار ہوں گے۔

ایلون مسک نے کہا کہ اس لاگت کو ایک لاکھ ڈالرز فی ٹن تک لانا ہوگا اور اس کے لیے ٹیکنالوجی کو 10 ہزار گنا بہتر بنانا ہوگا۔

اسپیس ایکس کے مالک کی یہ پیشگوئی کافی حیران کن ہے کیونکہ دنیا کا طاقتور ترین راکٹ اسٹار شپ ابھی مکمل طور پر تیار تصور نہیں کیا جاسکتا۔

مریخ پر پہنچنا ایلون مسک کا پرانا خواب ہے اور دسمبر 2023 میں ایک ایکس پوسٹ میں انہوں نے کہا تھا کہ انسانوں کو زمین سے باہر نکل کر چاند پر بیس اور مریخ پر شہر تعمیر کرنے چاہیے۔

اگست 2022 میں ایک جریدے کے لیے تحریر کیے گئے مضمون میں ایلون مسک نے کہا تھا کہ انسانی تہذیب کو دیگر سیاروں تک جانے کے قابل ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 'اگر زمین رہائش کے قابل نہ رہے تو ہمیں ایک خلائی طیارے سے نئے گھر کی جانب پرواز کرنا ہوگا'۔

مزید خبریں :