22 اکتوبر ، 2024
بالی وڈ کی سپر اسٹار جوڑی ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن کے درمیان طلاق کی افواہیں تاحال دم نہیں توڑ سکیں جب کہ آئے دن جوڑے کے حوالے سے کوئی نہ کوئی خبر سوشل میڈیا اور بھارتی میڈیا پر زیرِ گردش رہتی ہے۔
اب ابھیشیک بچن کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جو زیادہ پرانی نہیں، یہ ویڈیو 2022 کی ہے جب اداکار ساتھی اداکارہ نمرت کور کے ہمراہ اپنی فلم 'داسوی' کی تشہیر میں مصروف تھے۔
یہ بھی وہ وقت تھا جب ایشوریا اور ابھیشیک کے درمیان طلاق کی افواہیں گرم تھیں۔
ویڈیو میں گفتگو کرتے ہوئے ابھیشیک بچن نے اپنی اہلیہ کی سپورٹ پر بات کی اور کہا کہ ایشوریا اس معاملے میں بے مثال ہیں، وہ ہمیشہ مجھے ذہنی و جذباتی طور پر سپورٹ کرتی ہیں، میں اس کے لیے خود کو بے حد خوش قسمت سمجھتا ہوں۔
ابھیشیک بچن نے کہا کہ ایشوریا جیسی جیون ساتھی ہونے کا بڑا فائدہ یہ بھی ہے کہ وہ بھی اسی انڈسٹری کا حصہ ہیں، وہ میرے کام کو جانتی ہیں، اس کی نوعیت سمجھتی ہیں، انہوں نے اس انڈسٹری میں مجھ سے زیادہ کام کیا ہے اسی لیے وہ سب جانتی ہیں۔
اداکار کا کہنا تھا کہ اگر آپ شوٹنگ سے گھر تھک ہار کے آئیں اور دن اچھا نہ گزرا ہو تو آپ کو تسلی ہوتی ہے کہ گھر پر کوئی ہے جو آپ کی صورتحال سمجھے گا، میں اس لحاظ سے خود کو بہت خوش قسمت سمجھتا ہوں۔
ایشوریا رائے کو سراہتے ہوئے ابھیشیک کا یہ بھی کہنا تھا کہ جس طرح سے زندگی بھر انہوں نے مشکل لمحات کو خوبصورتی سے گزارا، میں حیران ہوں کہ وہ یہ سب کیسے کرلیتی ہیں، ایشوریا ایک باہمت خاتون ہیں۔