Time 22 اکتوبر ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

ایپل کے چیف ایگزیکٹو نے اے آئی ٹولز کو اولین آئی فون کی ٹچ اسکرین جتنا اہم قرار دیدیا

ایپل کے چیف ایگزیکٹو نے اے آئی ٹولز کو اولین آئی فون کی ٹچ اسکرین جتنا اہم قرار دیدیا
ٹم کک / فائل فوٹو

ایپل کے چیف ایگزیکٹو ٹم کک کا ماننا ہے کہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹولز نے ان کی زندگی کو تبدیل کر دیا ہے۔

وال اسٹریٹ جرنل کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران ٹم کک نے ایپل انٹیلی جنس کے بارے میں بات کی۔

ایپل انٹیلی جنس پر مبنی اے آئی فیچرز اکتوبر کے آخر تک آئی فون صارفین کے لیے متعارف کرائے جا رہے ہیں۔

ٹم کک نے کہا کہ ایپل اسمارٹ فونز میں اے آئی ٹولز متعارف کرانے والی پہلی کمپنی نہیں مگر ہمارا طریقہ کار دیگر سے مختلف اور بہترین ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'ہم نے اے آئی ٹیکنالوجی پر سب سے پہلے کام نہیں کیا، مگر ہم نے اس طرح کام کیا ہے کہ ہمارے خیال میں یہ صارفین کے لیے بہترین ثابت ہوگی'۔

ایپل کے چیف ایگزیکٹو کا ماننا ہے کہ ایپل انٹیلی جنس کے اضافے سے آئی فون، آئی پیڈ اور میک کو استعمال کرنے کا تجربہ بالکل اسی طرح بدل جائے گا جیسا اولین آئی فون کی ٹچ اسکرین نے سب کچھ بدل دیا تھا۔

ٹم کک کے مطابق ایپل انٹیلی جنس میں ان کا ایک پسندیدہ فیچر ای میلز اور نوٹیفکیشنز کی سمری تیار کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'اگر میں اپنا وقت اس طرح اپنا وقت بچا سکتا ہوں تو اس سے ایک دن، ایک ہفتے یا ایک مہینے میں مجھے دیگر کام کرنے کا موقع ملے گا'۔

خیال رہے کہ ایپل انٹیلی جنس کو 28 اکتوبر کو جاری کیے جانے کا امکان ہے اور اس پر مبنی فیچرز آئی فون 16 سیریز، آئی فون 15 پرو اور 15 پرو میکس میں دستیاب ہوں گے۔

ابتدا میں محدود اے آئی فیچرز متعارف کرائے جائیں گے۔

مزید خبریں :