Time 22 اکتوبر ، 2024
دنیا

حزب اللہ کا ڈرون نیتن یاہو کے بیڈروم تک پہنچ گیا، اسرائیل نے اعتراف کرلیا

حزب اللہ کا ڈرون نیتن یاہو کے بیڈروم تک پہنچ گیا، اسرائیل نے اعتراف کرلیا
حملے کے وقت نیتن یاہو اور ان کی فیملی گھر پر موجود نہیں تھی،فوٹو: اسرائیلی میڈیا

اسرائیل نے اعتراف کیا ہےکہ ہفتے کے روز حزب اللہ کے ڈرون نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی رہائش گاہ پر ان کے بیڈروم کی کھڑکی کو نشانہ بنایا تھا۔

خیال رہےکہ ہفتے کے روز لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی ذاتی رہائش گاہ پر ڈرون حملےکی اطلاعات سامنے آئی تھی۔


سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق  حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل کے شہر قیصریہ میں ڈرون حملے میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی ذاتی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا گیا۔

بعد ازاں اسرائیلی وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ حملے کے وقت نیتن یاہو  اور  ان کی فیملی گھر پر موجود نہیں تھی۔

اب اسرائیلی میڈیا کی جانب سے بتایا گیا ہےکہ اسرائیلی فوج نے خبر شائع کرنےکی اجازت دے دی ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق حزب اللہ کے ڈرون سے اسرائیل کے شہر قیصریہ میں واقع نیتن یاہو کی رہائش گاہ کو نقصان پہنچا۔ ڈرون سے نیتن یاہو کے بیڈ روم کی کھڑکی کے شیشے تڑخ گئے تاہم  مخصوص حفاظتی شیشے کی وجہ سےڈرون اندر داخل نہ ہوسکا۔

حزب اللہ کا ڈرون نیتن یاہو کے بیڈروم تک پہنچ گیا، اسرائیل نے اعتراف کرلیا
اسرائیلی میڈیا کی جانب سے جاری تصویر میں  نیتن یاہو کے گھر کا متاثرہ حصہ دکھایا گیا ہے

اس حوالے سے ایک تصویر بھی سامنے آئی ہے جس میں نیتن یاہو کے گھر کا متاثرہ حصہ دکھایا گیا ہے۔

حملے میں کسی شخص کے زخمی ہونے کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

ڈرون حملے کے بعد ایک بیان میں نیتن یاہو  نے اس کارروائی کو اپنے قتل کی کوشش قرار دیا اور کہا کہ ایرانی ایجنٹوں نے سنگین غلطی کی ہے۔ یہ حملہ انہیں جنگ روکنے پر مجبور نہیں کرسکتا ۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم  پر حملے کی کوشش پر اسرائیلی کابینہ اراکین آرمی چیف پر برس پڑے۔

اسرائیلی آرمی چیف نے کابینہ کو بتایا کہ ہم نے متعدد ڈرونز کا حملہ ناکام بنایا، ہم نے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کیا ہے، ہم اپنی غلطیوں سے سیکھ رہے ہیں اور چیزوں کو بہتر کر رہے ہیں۔

ادھر حزب اللہ میڈیا آفس سربراہ محمد عفیف نے بیروت میں پریس بریفنگ کرتے ہوئے نیتن یاہو کےگھر پر ہفتےکے روز  ہونے والے حملےکی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

محمد عفیف کا کہنا تھا کہ  حزب اللہ نے نیتن یاہو کے قیصریہ میں واقع گھر کو ڈرون سے نشانہ بنایا تھا، نیتن یاہو گھر میں نہ ہونے کے باعث بچ گئے۔

مزید خبریں :