Time 23 اکتوبر ، 2024
جرائم

کراچی: مبینہ پولیس مقابلوں میں 2 ڈاکو ہلاک، 4 گرفتار

کراچی میں مبینہ پولیس مقابلوں میں 2 ڈاکو ہلاک اور 4 کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق ڈالمیا شانتی نگر میں پولیس اہلکاروں کا کار لفٹروں سے مقابلہ ہوا  جس میں ایک کار لفٹر ہلاک اور دوسرا گرفتار کرلیا گیا جب کہ ملزمان کے 2 ساتھی فرار ہوگئے۔

کار ڈرائیور نے بتایا کہ گلستان جوہر موڑ کے قریب 2 موٹر سائیکلوں پر 4 ملزمان نے روکا اور اسلحہ دکھا کر کار چھین لی تھی، پولیس کو اطلاع دی تو ملزمان کا تعاقب کیا گیا۔

ادھر پولیس نے بتایا کہ سائٹ سپر ہائی وے انڈسٹریل ایریا میں ڈاکوؤں نے شہری کو روکا، شہری کے نہ رکنے پر ڈاکوؤں نے گولی ماردی اور سرجانی کے علاقے میں فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق شدید زخمی شہری فرحان کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا، شہری کی شناخت فرحان کے نام سے ہوئی ہے، مقتول فرحان ایک بچے کا باپ تھا۔

 قائد اعظم کالونی میں میڈیکل اسٹور لوٹنے والے ڈاکوؤں سے بھی مقابلہ ہوا جس میں زخمی سمیت 2 ڈاکوگرفتارکرلیے گئے۔

پاک کالونی میں گینگسٹر کاشف سندھی کا ساتھی وسیم بنگالی مقابلے میں مارا گیا جب کہ سعود آباد سے رمضان نامی ڈاکو کو مقابلے کے بعد زخمی حالت میں اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق سہراب گوٹھ جمالی پل اور شاہ لطیف کے قریب فائرنگ سے 2 افراد زخمی بھی ہوئے۔

مزید خبریں :