Time 24 اکتوبر ، 2024
پاکستان

لاہور کا فضائی معیار انتہائی خراب، آج دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر

لاہور کا فضائی معیار مسلسل خراب ہے جس کے سبب آج بھی لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر آگیا۔

دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کا پہلا نمبر ہے اور دوسرے نمبر پرلاہور کو شمار کیا جارہا ہے۔

اس کے علاوہ کراچی کی فضا بھی آلودہ ہے جسے چھٹے نمبر پر ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب فضائی آلودگی کے باعث لاہور میں اسکول کھلنے کے اوقات بدل دیے گئے ہیں اور محکمہ تحفظ ماحول پنجاب نے اس حوالے سے ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور میں فضائی آلودگی کے باعث اکتوبرسے 31 جنوری 2025 تک اسکول صبح 8 بجکر 45 منٹ پر کھلیں گے۔

اس کے علاوہ بچوں کی اسمبلی کلاس روم میں ہوگی، آؤٹ ڈور سرگرمیاں معطل رہیں گی، عوام کو اسموگ سے بچنے کے لیے ماسک اور دیگر حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں فیصل آباد میں بھی فضائی آلودگی کے باعث شہر میں اسموگ کی شدت میں اضافہ ہوا ہے اور آلودگی کا معیار 284 ریکارڈ کیا گیا ہے جس سے شہریوں کو مشکلات اور سانس کی بیماریوں کا سامنا ہے۔

مزید خبریں :