24 اکتوبر ، 2024
کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں رواں کاروباری ہفتے کے آغاز پر 85 ہزار کی سطح پر موجود 100 انڈیکس آج چوتھے روز 89 ہزار 126 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔
تاہم آج کاروبار کا اختتام پر 100 انڈیکس مجموعی طور پر 1751 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ88 ہزار 945 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔
بازار میں آج 75 کروڑ 76 لاکھ شیئرز کے سودے 36 ارب روپے میں طے ہوئے، جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 173 ارب روپے بڑھ کر 11 ہزار 592 ارب روپے ہے۔
چار روز کے دوران 100 انڈیکس میں مجموعی طور پر 3 ہزار 695 پوائنٹس جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 415 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
اس سے قبل آج پی ایس ایکس میں کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا اور 100 انڈیکس میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔
کاروبار کے آغاز پر ہی انڈیکس میں 244 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور انڈیکس 87 ہزار 553 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
واضح رہے کہ اسٹاک ایکسچینج میں کئی دنوں سے کاروبار میں تیزی دیکھنے کو مل رہی ہے اور 100 انڈیکس نئے ریکارڈ قائم کرتا جارہا ہے۔
گزشتہ روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھنے کو ملی اور 100 انڈیکس نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے 727 پوائنٹس کے اضافے سے 87 ہزار 194 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔
بدھ کے دن بازار میں 69 کروڑ شیئرز کے سودے 26 ارب روپے میں طے ہوئے جب کہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 66 ارب بڑھ کر 11 ہزار 418 ارب روپے رہی۔