Time 24 اکتوبر ، 2024
جرائم

نیب کا جعلی عہدیدار بن کر این ایچ اے حکام کو بلیک میل کرنے والا ملزم گرفتار

نیب کا جعلی عہدیدار بن کر این ایچ اے حکام کو بلیک میل کرنے والا ملزم گرفتار
ملزم کو ہری پور سے گرفتار کیا گیا / فائل فوٹو

نیب کے جعلی عہدیدار بن کر نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) حکام کو بلیک میل کرنے کے معاملے میں ملوث ملزمان میں سے ایک کو گرفتار کرلیا گیا۔

پشاور سے تعلق رکھنے والے ایس پی کینٹ اعتزاز عارف کے مطابق پولیس نے ملزم احسان اللہ کو ہری پور سے گرفتار کیا۔

تفصیلات کے مطابق جعلی نیب افسر بن کر این ایچ اے حکام کو بلیک میل کرنے والے دو ملزمان میں ایک ملزم احسان اللہ کو ہری پور سے گرفتار کیا گیا۔

دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ حیات آباد میں مقدمہ درج کروایا گیا تھا۔

ایس پی کینٹ اعتزاز عارف نے بتایا کہ دوسرے ملزم محمد جاوید کو گرفتار کرنے کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

خیال رہے کہ محمد جاوید اور احسان اللہ نے نیب کے ملازمین بن کر این ایچ اے حکام کو بلیک میل کیا تھا۔

ایس پی کینٹ کے مطابق ملزمان نے نیب خیبر پختونخوا کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی جعلی مہر اور دستخط استعمال کیے تھے اور این ایچ اے حکام کے خلاف نیب خیبر پختونخواہ میں درخواست دائر کروائی۔

بعد ازاں ملزمان نے این ایچ اے حکام کو بلیک میل کرنا شروع کر دیا تھا۔

ملزمان نے نیب کو بدنام کیا اور جعلی دستاویزات کو اصل کے طور پر استعمال کیا۔

مزید خبریں :