26 اکتوبر ، 2024
مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ کے شمال میں واقع کمال عدوان اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حسام ابوصفیہ کا جواں سال بیٹا ابراہیم بھی اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے۔
اسرائیل کی جانب سے شمالی غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے اور چند روز میں ہی اسرائیلی غاصب فورسز نے محاصرے میں سیکڑوں فلسطینیوں کو شہید کردیا۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز شمالی غزہ میں اسرائیل نے کمال عدوان اسپتال پر حملہ کرکے جنریٹراورآکسیجن پلانٹ تباہ کردیے۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے اسپتال سے طبی عملے اور کئی مریضوں کو گرفتار کرلیا اور ادویات بھی تباہ کر دیں تاکہ زخمیوں کو نہ بچایا جا سکے۔
اسرائیلی فوج نے کمال عدوان کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حسام ابوصفیہ کے جواں سال بیٹے ابراہیم کو بھی شہید کردیا۔ بیٹے کی نماز جنازہ ڈاکٹر حسام ابوصفیہ نے اسپتال کے احاطے میں ہی ادا کی اور اس دوران جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور روتے رہے۔
فلسطینی صحافی کی جانب سے ویڈیو ایکس پر پوسٹ کی گئی جو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی حملوں میں اب تک 42 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی شامل ہیں۔