Time 26 اکتوبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

لیجنڈ موسیقار الطاف حسین طافو انتقال کرگئے

معروف موسیقار اور طبلہ نواز الطاف حسین طافو انتقال کرگئے۔

استاد طافو خان کو طبلہ نوازی پر کمال مہارت حاصل تھی، 1970 میں اپنے کیریئر کا آغاز پنجابی فلم انورا سے کیا اور پہلی ہی جست میں شائقین کے دل موہ لیے۔

استاد طافو خان نے پنجابی کے ساتھ بے شمار اردو فلموں کی دھنیں بھی ترتیب دیں، مشہور پنجابی گانا ’سن وے بلوری اکھ والیا‘ فلم بینوں کے ذہنوں پر نقش ہو گیا۔

استاد طافو نے ملکہ ترنم نورجہاں اور نصرت فتح علی خان سمیت عظیم گلوکاروں کے ساتھ کام کیا۔

استاد طافو عام طور پر شوق اور چنچل دھنیں بنانے میں مشہور تھے، 1999 میں فلم دیساں دا راجا کیلئے خوبصورت دھنیں بنائیں تو شہرت چہار دانگ عالم پھیل گئی۔

استاد طافو کو خدمات کے اعتراف میں 2023 میں صدارتی تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے استاد طافو خان کے انتقال پر اظہارتعزیت کیا۔

1945 میں زندہ دلان لاہور میں آنکھ کھولی اور 78 سال بعد اسی شہر میں آنکھ میچ لی۔ استاد طافو خان گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے، ان کی نماز جنازہ 27 اکتوبر کو بعد نماز ظہر کریم بلاک علامہ اقبال ٹاؤن میں ادا کی جائے گی۔

مزید خبریں :