26 اکتوبر ، 2024
شمالی اسرائیل میں اسرائیلی فوجیوں کی حزب اللہ کے راکٹ حملے سے بچنے کی کوشش کرتے ہوئے ویڈیو سامنے آگئی۔
فلسطینی میڈیا کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسرائیلی فوجی حزب اللہ کے راکٹوں سے بچنے کے لیے زمین پر لیٹے ہوئے ہیں جبکہ پس منظر میں دھماکے بھی سنائی دے رہے ہیں۔
اس دوران ایک راکٹ اسرائیلی فوجیوں کے قریب گرتا ہے جس کے ساتھ ہی خطرے سے آگاہ کرنے والے سائرن بھی بجنے لگتے ہیں۔
ویڈیو جاری رہتی اور اس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں کے نزدیک ایک اور راکٹ آکر گرتا ہے جس سے زور دار دھماکا ہوتا ہے اور راکٹ گرنے کے مقام پر آگ بھی بھڑک اٹھتی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ جھڑپوں میں 5 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 19 زخمی ہوئے تھے جن کا تعلق 8 آمررڈ بریگیڈ کے 89 بٹالین سے تھا۔
ہلاک فوجی اہلکاروں میں ایک ریزرو میجر، ایک ریزرو کیپٹن، 2 ریزرو وارنٹ آفیسر اور ایک ریزرو ماسٹر سارجنٹ شامل تھے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق فوجی اہلکار ایک عمارت میں رسد کے لیے جمع تھے کہ اس دوران حزب اللہ نے عمارت پر راکٹوں سے حملہ کردیا۔