27 اکتوبر ، 2024
تہران: ایرانی افواج کی جانب سے اسرائیلی حملوں میں اپنے چار فوجیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
اسرائیل نے یکم اکتوبر کے ایرانی بیلسٹک میزائل حملوں کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے 26 اکتوبر کو علی الصبح تہران، شیراز اور کرج پر فضائی حملہ کیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حملوں کے بعد ایرانی فوج کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ اسرائیل کے حملوں کے بعد اپنی سرزمین کا دفاع کرنے والے دو فوجی اہلکار جاں بحق جب کہ دو زخمی ہوگئے، تاہم ہفتے کی شب وہ دو زخمی اہلکار بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کرگئے۔
ایران کا کہنا ہے کہ اسرائیل نےتہران،الم اورخوزستان میں ملٹری بیسزکونشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کچھ مقامات پرمعمولی نقصانات ہوئے ہیں، اسرائیلی حملے میں 100 جنگی طیاروں کےحصہ لینے کا دعویٰ جھوٹا ہے، اسرائیل نے اپنے کمزور حملے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا، اسرائیلی طیارے ایرانی فضائی حدود میں داخل ہی نہیں ہوسکے۔
اس کے علاوہ ایرانی مشن نے امریکا کو ایران پرحملوں کا برابر ذمہ دار قرار دے دیا۔ ایرانی مشن برائے اقوام متحدہ کا دعویٰ ہے کہ اسرائیلی جنگی جہازوں نےعراق میں واقع امریکی فوجی بیس سےپرواز بھریں۔
اس سے قبل اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران پرحملےمیں 100 جنگی طیاروں نے حصہ لیا اور 20 ملٹری سائیٹس کو نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی جارحیت کیخلاف دفاع کا حق رکھتےہیں: ایرانی وزارت خارجہ
ایرانی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف دفاع کا حق رکھتےہیں، متعدد فوجی مراکز کے خلاف اسرائیلی جارحانہ اقدام عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر، سالمیت اور قومی خود مختاری کی خلاف ورزی ہے، اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ ایران اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت غیر ملکی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کا حقدار اور پابند ہے۔ قابض اسرائیلی حکومت کے جارحانہ اقدام کی مذمت کرنے والے خطے اور دیگر تمام امن پسند ممالک کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔
واضح رہے کہ یکم اکتوبر کو ایران کی جانب سے اسرائیل پر براہ راست سینکڑوں میزائل داغے گئے تھے، بعد ازاں اسرائیلی فوج نے اسرائیل پر ایران کے میزائل حملوں کے دوران اسرائیلی فضائی اڈوں پر میزائل گرنے کی تصدیق کردی تھی۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایرانی میزائل کچھ اسرائیلی فضائی اڈوں پر گرے ہیں، میزائل گرنے کے نتیجے میں فضائی اڈوں کی انتظامی عمارتوں اور جہازوں کی مرمت کی جگہوں کو نقصان پہنچا ہے۔