28 اکتوبر ، 2024
اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کی جگہ کسی اور کو احتجاج کی قیادت کا مشورہ دیدیا۔
جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ علی امین گنڈاپور سے کوئی اختلاف نہیں، میں ان کا مداح ہوں، ان کے بہت سے اقدامات کی تعریف کی ہے مگر علی امین وزیراعلیٰ ہیں، احتجاج میں ان کے کردار کا (ن) لیگ اور دیگر جماعتیں ناجائز فائدہ اٹھاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور دیگر جماعتیں کہتی ہیں کہ صوبے نے مرکز پر چڑھائی کردی اور سرکاری وسائل کا ناجائز استعمال ہورہا ہے، علی امین کے احتجاج کو جواز بناکرگورنر راج کے لیے بھی راستہ ہموار ہوسکتا ہے، صوبے میں رہی سہی حکومت کے خاتمے کے لیے اپنےہی ہاتھوں مخالفین کوجواز فراہم ہوسکتا ہے۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ احتجاج میں علی امین کے بجائے قیادت کو آگے آنا چاہیے، ہم گنڈاپور کی سپورٹ سے مستفید ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے پہلے بھی احتجاج کامیاب رہے ہیں، احتجاج کے لیے کمیٹی بنانی چاہیے جو لائحہ عمل بنائے اور ہمارا پہلا ہدف عمران خان کی رہائی ہونا چاہیے۔