29 اکتوبر ، 2024
پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار فردوس جمال نے اداکارہ ماہرہ خان اور ہمایوں سعید سے متعلق اپنے بیان کی وضاحت کردی۔
چند ماہ قبل فردوس جمال نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں ماہرہ خان کی بڑھتی عمر اور اداکار ہمایوں سعید کے اداکاری میں ڈاکا ڈالنے کے حوالے سےگفتگو کی تھی جو سوشل میڈیا کی زینت بنی۔
اس کے بعد مختلف اداکار و پروڈیوسرز کی جانب سے فردوس جمال کے بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس پر ان کا کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا تھا۔
تاہم اب حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران سینئر اداکار فردوس جمال نے اپنے بیان کی وضاحت کی۔
میزبان نے سینئر اداکار سے سوال پوچھا کہ اداکارہ ماہرہ خان اور ہمایوں سعید سے متعلق بیان کے بعد ایک نجی ڈرامہ چینل نے آپ پر پابندی لگا دی ہے۔
اس پر فردوس جمال نے کہا کہ جب آپ کو اللہ پر یقین ہو کہ اللہ ہی رزق دینے والا ہے تو کوئی بندہ یا کوئی ادارہ میرا رزق بند نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہا کہ اتنی مخالفت کے باوجود بھی اللہ مجھے رزق دے رہا ہے، جب مجھے اللہ نے دیا تو مجھے کسی سے خوفزدہ ہونے یا تعریفیں کرنے کی کیا ضرورت ہے۔
فردوس جمال کا کہنا تھا کہ اگر مجھے کسی میں خامی نظر آتی ہے اور میں اصلاح نہیں کروں تو اس کا مطلب ہے میں منافق ہوں لیکن میں منافق نہیں ہوں اس لیے مائرہ خان اور اداکار ہمایوں سعید کے حوالے سے بات کی۔