Time 23 اگست ، 2024
انٹرٹینمنٹ

ماہرہ کی عمر دکھتی ہے اورہمایوں اداکاری میں ڈاکا ڈال رہے ہیں: فردوس جمال کی کڑی تنقید

ماہرہ کی عمر دکھتی ہے اورہمایوں اداکاری میں ڈاکا ڈال رہے ہیں: فردوس جمال کی کڑی تنقید
میں ماضی میں ماہرہ کیلئے اپنے دیے ہوئے بیان پر آج بھی قائم ہوں، مجھے اپنے الفاظ پر کوئی شرمندگی نہیں: اداکار کی شو میں گفتگو/ فائل فوٹو

پاکستان کے سینئر اداکار فردوس جمال نے ایک بار پھر سپر اسٹار ماہرہ خان اور  ہمایوں سعید کو  آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ میں ماضی میں کہی ہر بات پر آج بھی قائم ہوں۔

فردوس جمال حال ہی میں   ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں شریک ہوئے تھے، اس دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ ماضی میں انہوں نے ماہرہ خان  کیلئے کہا تھا کہ وہ بوڑھی لگتی ہیں، انہیں ہیروئن کے بجائے  ماں کے کردار دیے جانے چاہیے لیکن اس کے بعد انہوں نے دی لیجنڈ آف مولا جٹ میں شاندار اداکاری کی تو کیا اب بھی وہ اپنی تنقید پر قائم ہیں یا انھیں کوئی پچھتاوا ہے؟

اس پر فردوس جمال کا کہناتھا کہ ’میں ماضی میں  ماہرہ کیلئے اپنے دیے ہوئے بیان پر آج بھی قائم ہوں، مجھے اپنے الفاظ پر کوئی شرمندگی نہیں  کیوں کہ ماہرہ  کی عمر نظر آتی ہے لیکن اگر اس کے باوجود وہ کسی کو خوبصورت نظر آتی ہے تو اس میں میرا کوئی قصور نہیں‘۔

فردوس جمال نے الزبتھ ٹیلر ، صوفی لورن ، نرگس اور مدھو بالا کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ میں نے ان اداکاروں کو دیکھا ہے تو میں کیا کروں؟

سینئر اداکار کی بات پر میزبان نے واضح کیا کہ 90 فیصد لوگوں کو ماہرہ خان خوبصورت اور اچھی اداکارہ لگتی ہیں ؟ اس پر فردوس جمال  کا کہنا تھا کہ  اگر 90 فیصد لوگ پاگل ہیں تو میں بھی ہوجاؤں؟

دوسری جانب ہمایوں سعید کیلئے میزبان کی تعریف سن کر فردوس جمال بھڑک اٹھے اور کہاکہ  ’ہمایوں سعید اداکاری کے معراج پر کیسے ہیں؟ کیا وہ مارلن برانڈو ہے؟ اس پر میزبان نے کہا کہ  ہمایوں سعید پاکستان میں سب سے زیادہ پیسے لیتے ہیں؟

میزبان کی بات پر فردوس جمال نے بھڑکتے ہوئے کہا کہ پیسہ تو طوائف بھی لیتی ہے؟پیسہ لینا اداکاری کا معیار نہیں ہے، ہمایوں اداکاری میں بھی ڈاکا ڈال رہا ہے، ہمایوں کو قدرت نے وسائل اور پلیٹ فارمز فراہم کیے اس کے بعد ہمایوں کے کچھ اچھے کردار بھی ہیں جو اس نےنبھائے، اب وہ ان مواقع کو کیش کررہا ہے، وہ اپنے سے اچھے اداکار  کو آگے آنے نہیں دیتا۔

مزید خبریں :