29 اکتوبر ، 2024
بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے سابق وزیر مرحوم بابا صدیقی کے بیٹے ذیشان صدیقی نے انکشاف کیا ہے کہ سلمان خان والد کے انتقال کے بعد سے راتوں کو ٹھیک سے سو نہیں پارہے۔
بھارتی میڈیا سے بات چیت میں ذیشان صدیقی نے بتایا کہ سلمان خان ان کا ہر وقت ساتھ دیتے ہیں اور ان کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 'میرے والد اور سلمان بھائی ہمیشہ سگے بھائیوں کی طرح قریب رہے ہیں، والد کے جانے کے بعد سے سلمان بھائی ہر رات مجھے کال کرتے ہیں اور وہ بھی اس واقعے سے پریشان ہیں'۔
خیال رہے کہ بالی وڈ اسٹار سلمان خان کی سکیورٹی پر ان کے مداحوں میں تشویش پائی جاتی ہے اور بابا صدیقی کے قتل کے بعد یہ تشویش مزید بڑھ گئی ہے۔
بابا صدیقی کے قتل کے بعد لارنس بشنوئی گروپ نے دھمکی دی تھی کہ جو بھی سلمان خان کی مدد کرے گا وہ ان کے نشانے پر ہوگا۔
بعد ازاں ریاست مہاراشٹرا کی حکومت نے سلمان خان کی سکیورٹی میں اضافہ کردیا تھا۔