Time 30 اکتوبر ، 2024
صحت و سائنس

2023 میں دنیا بھر میں 80 لاکھ سے زائد افراد ٹی بی سے متاثر ہوئے، عالمی ادارہ صحت

2023 میں دنیا بھر میں 80 لاکھ سے زائد افراد ٹی بی سے متاثر ہوئے، عالمی ادارہ صحت
ایک رپورٹ میں اس بارے میں بتایا گیا / رائٹرز فوٹو

2023 میں 80 لاکھ سے زائد افراد تپ دق (ٹی بی) سے متاثر ہوئے اور یہ تعداد تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔

یہ بات عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری ایک نئی رپورٹ میں بتائی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال ساڑھے 12 لاکھ مریض ٹی بی کے باعث ہلاک ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق اس طرح ٹی بی ایک بار پھر کووڈ 19 کو پیچھے چھوڑ کر سب سے زیادہ ہلاکتوں کا باعث بننے والا وبائی مرض بن گیا ہے۔

عالمی ادارے نے بتایا کہ جنوب مشرقی ایشیا، افریقا، بھارت، انڈونیشیا، چین، فلپائن اور پاکستان اس مرض سے سب سے متاثر ہونے والے خطے ہیں۔

ان خطوں میں ٹی بی کے 50 فیصد سے زائد کیسز سامنے آئے۔

مجموعی طور پر دنیا بھر میں ٹی بی کے 82 لاکھ نئے کیسز سامنے آئے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ٹی بی اب بھی بہت زیادہ افراد کو بیمار اور ہلاک کرنے والا مرض ہے، ایسا اس وقت ہو رہا ہے جب ہمارے پاس اس کی روک تھام، تشخیص اور علاج کے ذرائع موجود ہیں۔

مگر رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ٹی بی سے عالمی سطح پر ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔

2022 میں ٹی بی کے باعث 13 لاکھ 20 ہزار اموات ہوئی تھیں۔

ٹی بی فضا میں پھیلنے والے بیکٹیریا کے ذریعے ایک سے دوسرے فرد میں منتقل ہونے والا مرض ہے اور اس سے پھیپھڑوں کو سب سے زیادہ نقصان پہنچتا ہے۔

ایک تخمینے کے مطابق دنیا کی 25 فیصد آبادی کو اس مرض کا سامنا ہوچکا ہے مگر محض 5 سے 10 فیصد مریضوں میں اس کی علامات سامنے آتی ہیں۔

مزید خبریں :