30 اکتوبر ، 2024
لیجنڈری اداکار فردوس جمال نے اہلیہ کے خلع لینے کی خبروں کی تردید کردی۔
فردوس جمال کے بیٹے حمزہ فردوس نے ویڈیو بیان میں والدہ کے 35 سال بعد خلع لینے کی تصدیق کی تھی۔
حمزہ فردوس نے کہا کہ سب سے پہلے تو میں اپنی والدہ کی جانب سے سب لوگوں کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ انہوں نے میرے والد سے خلع لی ہوئی ہے۔
تاہم اس حوالے سے اب فردوس جمال کا مؤقف بھی سامنے آیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ایک حالیہ انٹرویو میں خلع کے سوال پر فردوس جمال کا کہنا تھاکہ اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے، اہلیہ نے مجھ سے کوئی خلع نہیں لی اور کسی قسم کی ایسی بات نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ساری افواہیں ہیں، ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
ان کا کہناتھاکہ میرے بیٹے اور بیٹیاں جوان ہیں، میں دادا بن گیا ہوں تو کیا اس عمر میں بیوی کو خلع دوں گا؟
ایک سوال کے جواب میں فردوس جمال کا کہنا تھاکہ دونوں بیٹوں سے بات ہوتی رہتی ہے، ان کو معلوم ہے میں یہاں رہتا ہوں اور کیوں رہ رہا ہوں۔
خیال رہے کہ فردوس جمال نے متعدد ٹی وی ڈراموں اور فلموں میں کام کیا ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل فردوس جمال نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران کینسر میں مبتلا ہونے کے بعد اکیلے رہنے کے بارے میں کہا تھا کہ میں نے ساری زندگی بہت شور اور ہنگاموں میں گزاری ہے لیکن اب میں سکون میں رہنا چاہتا ہوں، بس اسی لیے اکیلا رہتا ہوں۔