31 اکتوبر ، 2024
لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اسموگ کو ختم کرنے میں بہت عرصہ لگ جائے گا۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ زراعت کے بغیر ملکی ترقی و خوشحالی ممکن نہیں، حکومت کسانوں کے مسائل کے حل کو اولین ترجیح دیتی ہے، حکومت کے وسائل میں اضافہ ہوا تو کسانوں کو مزید سہولیات دیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کسانوں کی بھلائی کے لیے 10 ہزار سپرسیڈر مشینیں تقسیم کررہے ہیں، حکومت بغیر منافع لیے مشینری کسانوں میں تقسیم کرے گی، کسانوں کو معیاری بیج، کھاد اور دیگر زرعی سہولتیں ایک چھت کے نیچے مہیا کی جائیں گی۔
مریم نواز کا کہنا تھاکہ پنجاب میں فتنہ اور فساد پھیلانے کی سازش ناکام بنا دی گئی، مسلم لیگ (ن) کا پلڑا کل بھی بھاری تھا اور آج بھی بھاری ہے، پنجاب میں آج بھی 12، 13 روپے کی روٹی مل رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج ہمیں اسموگ کے چیلنج کا سامنا ہے، اسموگ کے باعث بہت سی بیماریاں پھیلتی ہیں، فصلوں کی باقیات کا جلانا اسموگ میں اضافے کا بہت بڑا سبب ہے، اسموگ کو ختم کرنے میں بہت عرصہ لگ جائے گا۔