31 اکتوبر ، 2024
لبنان سے شمال اسرائیل پر ہونے والے راکٹ حملے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق آج حزب اللہ کی جانب سے سرحد کے قریب واقع بستی المطلہ پر راکٹ داغے گئے۔
حزب اللہ کے راکٹ حملے کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوئے جن میں ایک اسرائیلی شہری اور 4 غیر ملکی شامل ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق حملے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا ہے۔
المطلہ کونسل کے سربراہ نے اسرائیلی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ علاقہ گزشتہ ایک سال سے راکٹ حملے کی زد میں ہے لیکن شاید اسرائیلی ریاست کو اب اس کی عادت ہوچکی ہے۔
خیال رہے کہ لبنان میں اسرائیلی فوج کے بڑے جانی نقصان کے بعد اسرائیل حزب اللہ سے جنگ بندی پر تیار ہوگیا ہے۔
اسرائیلی سرکاری میڈیا کی جانب سے جنگ بندی تجویز کا مسودہ نشر کردیا گیا ہے، مسودے میں اسرائیل اور لبنان سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق 60 روزہ جنگ بندی کے دوران مکمل عمل درآمد کو حتمی شکل دی جائے گی۔
اسرائیل جنگ بندی کے 7 دن کے اندر لبنان سے اپنی افواج واپس بلالے گا، اسرائیلی افواج کے انخلا کے وقت لبنانی افواج کی تعیناتی شروع ہوجائے گی۔