01 نومبر ، 2024
ایران میں قید ایرانی نژاد جرمن شہری جمشید شرمہد کو سزائے موت پر عمل درآمد کرتے ہوئے پھانسی دیدی گئی۔
عرب میڈیا کے مطابق ایرانی عدالت کے حکم پر جمشید شر مہد کو 28 اکتوبر کو پھانسی دی گئی تھی، ایرانی نژاد جرمن شہری پر دہشتگردی کے سنگین الزامات عائد تھے۔
عرب میڈیا کے مطابق 69 سالہ جمشید شر مہد امریکا میں مقیم تھے، انہیں 2020 میں دبئی سے اغوا کرکے ایران منتقل کیا گیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی نژاد جرمن شہری کو پھانسی دیے جانے کے بعد جرمنی نے ایران سے اپنا سفیر واپس بلانے کے علاوہ ایرانی ناظم الامور کو بھی طلب کر لیا تھا۔
خبر ایجنسی کی رپورٹ مطابق جرمن وزارت خارجہ کا کہناتھا کہ ایرانی نژاد جرمن شہری جمشید شرمہد کو پھانسی دینے سے ایران نے تعلقات کو انتہائی کشیدگی میں ڈال دیا ہے۔
جرمن وزیر خارجہ اینا لینا بیرباک نے یورپی یونین سے مطالبہ کیاکہ ایرانی پاسداران انقلاب کا نام ان کی دہشتگردوں کی فہرست میں شامل کیا جائے۔
خبر ایجنسی کے مطابق جرمن وزارت خارجہ کی جانب سے جرمنی میں تمام ایرانی قونصل خانے بند کیے جائیں گے تاہم ایران کا سفارت خانہ بدستور کھلا رہے گا۔