01 نومبر ، 2024
بانی پی ٹی آئی کو آکسفورڈ یونیورسٹی کاچانسلر بنانے کیلئے کی گئی کوششوں کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی کی بہن روبینہ خان نے ذلفی بخاری پر الزمات کی بوچھاڑ کردی ہے۔
روبینہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں تھا اسے کیا شوق تھا کہ وہ آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا الیکشن لڑتا، ذلفی بخاری نے اپنی شہرت کیلئے بانی پی ٹی آئی کو الیکشن لڑا دیا۔
انہوں نے کہا کہ ذلفی بخاری خود پڑھا لکھا نہیں اس لئے اس کا خیال ہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کا چانسلر بننا بہت بڑی چیز ہے۔
بانی پی آئی کی دوسری بہن علیمہ خان کہہ چکی ہیں کہ ذلفی بخاری نے بانی پی ٹی آئی کی مرضی سے چانسلر کا الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔
خیال رہے کہ برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی 28 اکتوبر سے 25 نومبر کے درمیان اپنے نئے چانسلر کا انتخاب کرنے جا رہی ہے، جس کیلئے درخواست گزاروں میں سے ایک جیل میں قید پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان بھی تھے۔تاہم، عمران خان حتمی امیدواروں کی فہرست میں شامل نہیں ہو سکے۔
آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے چانسلر کے انتخاب کیلئے جاری کی گئی امیدواروں کی فہرست میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کا نام شامل نہیں تھا، امیدواروں میں برطانیہ کی کنزرویٹو پارٹی کے سابق وزیر اعظم بورس جانسن، مشہور برطانوی آرکیٹیکٹ سر نورمن فوسٹر اور معروف وکیل بیرسٹر پیٹر کریگ شامل ہیں۔