01 نومبر ، 2024
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر کو پانی فراہم کرنے والی بوسیدہ لائنوں کی تبدیلی کے کاموں کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب کے مطابق پہلے مرحلے میں 2.3 ارب روپے کی لاگت سے ساڑھے 4 کلو میٹر طویل نئی لائن ڈالی جا رہی جو ایک سال میں مکمل ہوگی، منصوبے کی تکمیل سے شہر کو پانی کی بلاتعطل فراہمی بھی ممکن ہوسکے گی۔
میئرکراچی نے جیونیوز کو بتایا کہ بوسیدہ لائنوں کی وجہ سے کروڑوں گیلن پانی ضائع ہورہا تھا، ماضی کی شہری حکومتوں نے بنیادی سہولتوں سے متعلق زیر زمین انفرااسٹرکچر پر زیادہ توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے سیوریج اور پانی کی فراہمی کا نظام شہریوں کیلئے دردِ سر بنا ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی کو پانی فراہم کرنے والی موجودہ لائنیں بھی ذوالفقار علی بھٹو کے دور حکومت میں ڈالی گئی تھیں، مستقبل قریب میں شہر کو پانی فراہم کرنے والی تمام بوسیدہ لائنوں کی تبدیلی اور انفرااسٹرکچر کی بہتری بھی منصوبہ بندی کا حصہ ہیں۔