01 نومبر ، 2024
گزشتہ روز سے انٹرنیٹ پر امریکی صدر جوبائیڈن کی ایک تصویر گردش کررہی ہے جس میں وہ ایک ننھے بچے کی ٹانگ پر کاٹ رہے ہیں۔
تصویر وائرل ہونے کے بعد اس پر کئی طرح کے تبصرے ہوئے لیکن اب اس تصویر کے پیچھے کی اصل کہانی بھی سامنے آگئی ہے۔
گزشتہ روز وائٹ ہاؤس میں ہیلوئین کے تہوار کے موقع پر تقریب منعقد ہوئی جس میں امریکی صدر جوبائیڈن نے خاتون اول جِل بائیڈن کے ہمراہ شرکت کی۔
تقریب میں جہاں مختلف کاسٹیوم پہنے بچے اپنے والدین کے ساتھ شریک تھے وہیں امریکی خاتون اول نے بھی پانڈا کا کاسٹیوم پہن کر تقریب میں شرکت کی۔
تقریب میں امریکی خاتون اول نے بچوں میں کتابیں تقسیم کیں تو وہیں صدر بائیڈن انہیں چاکلیٹ تھماتے رہے۔
اسی دوران ایک خاتون اپنے ننھے بچے کو گود میں لیے اسٹیج پر آئیں، بچے کو مرغی کے کاسٹیوم میں دیکھ کر صدر بائیڈن نے پہلے تو حیرت کا اظہار کیا اور پھر مذاق میں اس کی ٹانگ پر کاٹنے لگے جیسے وہ بچے کی ٹانگ چبا رہے ہیں۔
صدر بائیڈن نے تقریب میں شامل آئس کریم کون کے کاسٹیوم میں ملبوس بچے کے پاؤں پر بھی مذاق میں کاٹا۔
ہیلوئین کی یہ تقریب امریکا میں صدارتی الیکشن سے صرف 6 دن قبل منعقد ہوئی۔ آنے والے امریکی انتخابات میں ری پبلکن جماعت کے ڈونلڈ ٹرمپ اور بائیڈن کی نائب صدر اور ڈیموکریٹس کی امیدوار کملا ہیریس کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔