Time 02 نومبر ، 2024
پاکستان

لاہور میں اسموگ کی شدت کب تک برقرار رہے گی؟ موسمیاتی ماہرین نے خبردار کر دیا

لاہور میں اسموگ کی شدت کب تک برقرار رہے گی؟ موسمیاتی ماہرین نے خبردار کر دیا
ناسا نے بھارتی علاقوں میں بڑے پیمانے پر فصل کی باقیات جلانے سے اسموگ میں شدت آنے کی فضائی تصویر جاری کر دی۔ فوٹو فائل

لاہور میں اسموگ کی شدت کے حوالے سے موسمیاتی ماہرین نے شہریوں کو خبردار کر دیا ہے۔

موسمیاتی ماہرین کے مطابق لاہور میں آئندہ 48 گھنٹے اسموگ کی شدت برقرار رہے گی۔

ناسا نے بھارتی علاقوں میں بڑے پیمانے پر فصل کی باقیات جلانے سے اسموگ میں شدت آنے کی فضائی تصویر جاری کر دی۔

ہواؤں کا رخ بدلنے سے گزشتہ روز لاہور میں فضائی آلودگی اوسط 157 پر تھی جبکہ گزشتہ پانچ دن تک لاہور میں فضائی آلودگی اوسط 180 پر رہی تھی۔

بھارت سے آنے والی تیز رفتار ہوا کے ساتھ دھواں بھی پاکستانی علاقوں میں داخل ہو گیا۔

موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی علاقوں میں بڑے پیمانے پر فصلوں کی باقیات جلانے سے اسموگ میں تیزی سے اضافہ ہوا۔

اس حوالے سے سینئر صوبائی وزیر برائے پنجاب مریم اورنگزیب نے اپیل کی ہے کہ اسموگ میں اضافے پر شہری گھروں سے بلا ضرورت باہر نہ نکلیں۔

مریم اورنگزیب نے شہریوں سے درخواست کی کہ ماسک لازمی پہنیں، سانس، سینے اور دل کے امراض میں مبتلا افراد، بزرگ کھلی فضا میں نہ جائیں۔

خیال رہے کہ ائیر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور کا فضائی معیار آج 1067 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا جو کہ انتہائی مضر صحت ہے جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں حد نگاہ صفر ہو گئی۔ 

مزید خبریں :