02 نومبر ، 2024
اسرائیل کی شمالی غزہ میں بمباری کے نتیجے میں 50 بچوں سمیت 84 فلسطینی شہید ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ کے سرکاری حکام نے تصدیق کی ہےکہ اسرائیل نے ہفتے کے روز شمالی غزہ میں دو فضائی حملے کیے جن میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کے نتیجے میں 50 بچوں سمیت 84 فلسطینی شہید ہوگئے۔
اس کے علاوہ اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں بیت الہیہ میں بھی بمباری کی جس میں 2 فلسطینی شہید ہوگئے جب کہ اسرائیلی فوج نے جبالیہ کیمپ میں بھی حملے کیے۔
ادھر لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے کہا ہےکہ اس نے مقبوضہ گولن کی پہاڑیوں کی جانب راکٹ فائر کیے جہاں اسرائیلی بستیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
دوسری جانب ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ایک بیان میں وعدہ کیا کہ ایران اسرائیلی حملے کے جواب میں صیہونی ریاست اور اس کے اتحادی امریکا کو ہر صورت جواب دے گا۔
آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ہمارے دشمن اسرائیل اور امریکا کو پتا ہونا چاہیے کہ وہ ایران کے خلاف جو کچھ کررہے ہیں اسے ان کا دندان شکن جواب ملے گا۔