02 نومبر ، 2024
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں فینز کا ویو بلاک کرنے والی بڑی الیکٹرانک اسکرین کو ہٹانے کا کام شروع کردیا گیا ہے ۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ترقیاتی کام جاری ہے، یونیورسٹی روڈ اینڈ کی جانب واقع انتخاب عالم انکلوژر سے ویو بلاک کرنے والی بڑی اسکرین کو ہٹایا جارہا ہے۔
اسکرین کو ہٹانے کے لیے پہلے مرحلے میں ایل ای ڈی پینلز کو علیحدہ کرکے اسے اتارا جارہا ہے، بعد میں اس کا بقیہ اسٹرکچر اتارا جائےگا۔ دوسری جانب وقار حسن انکلوژر کے سامنے موجود چھوٹی اسکرین کا اسٹرکچر بھی ہٹادیا گیا ہے۔
یاد رہےکہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے حالیہ دورہ نیشنل اسٹیڈیم میں اسکرین کی جگہ تبدیل کرنےکی ہدایت کی تھی۔
اس بڑی اسکرین کی وجہ سے انتخاب عالم انکلوژر میں 1500 افراد کی گنجائش متاثر ہو رہی تھی۔
اس اسکرین کو اب اب مڈ وکٹ کی جانب اونچے مقام پر لگایا جائےگا۔ ذرائع کے مطابق بڑی اسکرین کو ماجد خان اور ظہیر عباس انکلوژر کے درمیان بھی لگایا جاسکتا ہے، تاہم اس کا حتمی فیصلہ سروے کے بعد کیا جائےگا۔
دوسری طرف نیشنل اسٹیڈیم میں مڈوکٹ کے دونوں جانب بڑی اسکرین لگانے کا پلان ہے۔