Time 03 نومبر ، 2024
پاکستان

پنجاب حکومت پی آئی اے نہیں خرید رہی: مریم اورنگزیب

پنجاب حکومت پی آئی اے نہیں خرید رہی: مریم اورنگزیب
 حکومت پنجاب نے پنجاب ائیرلائن کے نام سے ائیرلائن لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،ذرائع،فوٹو: فائل

سینئر وزیر پنجاب حکومت مریم اورنگزیب نےکہا ہےکہ  حکومت پنجاب پی آئی اے نہیں خرید رہی، جھوٹی خبر پھیلائی جا رہی ہے ۔

لاہور میں جیو نیوز سےگفتگو میں مریم اورنگزیب نے پنجاب حکومت کی جانب سے پی آئی اے کو خریدنے کی خبر کی تردید کی۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ حکومت پنجاب نے  پنجاب ائیرلائن کے نام  سے ائیرلائن لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  پنجاب ایئرلائن کی فزیبیلٹی پرکام شروع کردیا گیا ہے، پنجاب ائیرلائن  پرائیویٹ سرمایہ کاروں کے اشتراک  سے لائی جائےگی، پنجاب ائیرلائن میں حکومت پنجاب کے شئیرز  بھی ہوں گے۔

 خیال رہےکہ گزشتہ روز  نواز شریف نے امریکا میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز پی آئی اے کی خریداری سے متعلق غور کر رہی ہیں، مریم نواز نے اس سلسلے میں اُن سے صلاح مشورہ بھی کیا ہے، مریم نےکہا ہے کہ اُس ائیرلائن کا نام ائیر پنجاب رکھا جاسکتا ہے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ انہوں نے مریم نواز سےکہا ہےکہ آپ پی آئی اے کو خرید بھی سکتی ہیں اور نئی ائیرلائن بھی بنا سکتی ہیں۔

امریکا سے لندن واپس پہنچنے پر آج میڈیا سےگفتگو میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ  انہوں نے پنجاب حکومت کی جانب سے پی آئی اے خریداری پر غور کی جو بات کی اس پر مزید کام کا ارادہ ہے، ا گر ایسا ہو جائے تو ملک کو ایک اچھی ائیر لائن میسر  آئےگی۔

مزید خبریں :