Time 02 نومبر ، 2024
پاکستان

مریم نے مشورہ کیا ہے پی آئی اے کو خرید لیں اور نیو ائیرلائن اسٹیبلش کریں: نواز شریف

مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے امریکا میں انکشاف کیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مریم نے مجھ سےمشورہ کیا پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کو خرید لیں اور ایک برینڈ نیو ائیرلائن اسٹیبلش کریں۔

نیو یارک میں گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھاکہ ایک شخص وزیر تھا جو چھپا بیٹھا ہے، اس نے عمران خان کے دور میں کہا تھا پی آئی اے کے پائلٹس کے پاس جعلی ڈگری ہے، اول تو تھےنہیں اگرتھےبھی توکیایہ بات عوام سطح پرکہنےوالی تھی؟

انہوں نے کہا کہ مریم نے مجھ سےمشورہ کیا پی آئی اے کو خرید لیں اور ایک برینڈ نیو ائیرلائن اسٹیبلش کریں، نئے جہاز لائیں اور برینڈ نیو ائیرلائن پاکستان کو ہم دیتے ہیں، اسے ائیرپنجاب کانام دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ میں نے مریم سےکہا آپ مشورہ کریں پی آئی اے بھی خرید سکتی ہیں، نئی ائیرلائن قائم کرلیں، ائیرپنجاب کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ سے براہ راست نیویارک جائے، لندن، ٹوکیو،ہانگ کانگ اور دنیا کے ہر حصے میں جائے، میرا خیال ہے ائیرلائن سے متعلق غور وخوض ہو رہا ہے۔

ایک اور سوال پر نواز شریف نے کہا کہ مجھے نہ چھیڑیں، بہت صبر سے کام لیا ہے۔ نواز شریف نے اس موقعے پر مشہور مصرع بھی سنایا کہ بیٹھے ہیں ہم تہیہ ء طوفاں کیے ہوئے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا حکومت نے پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کیلئے بولی میں دلچسپی کا اظہارکیا تھا۔

خیبرپختونخوا انویسٹمنٹ بورڈ نے وفاقی وزیر نجکاری کو خط لکھا تھا اور کہاکہ خیبرپحتونخوا حکومت بلیو ورلڈ کنسورشیم کی 10 ارب کی بولی سے زیادہ کی بولی دینے کیلئے تیار ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پی آئی اےکی خریداری کے لیے واحد بولی دہندہ کمپنی نے رقم میں اضافے سے انکار کردیا تھا۔

نجکاری کمیشن نے پی آئی اے کی کم از کم قیمت 85 ارب 3 کروڑ روپے رکھی تھی جب کہ بولی دینے والی واحد کمپنی نے 50 فیصد حصص خریدنے کے لیے 10 ارب روپے کی بولی لگائی تھی۔

مزید خبریں :