03 نومبر ، 2024
آئرلینڈ میں ہزاروں افراد ایک ایسی ہالووین پریڈ کے لیے جمع ہوگئے جس کا کوئی وجود ہی نہیں تھا۔
امریکی ادارے وائس کی خبر کے مطابق ایک ویب سائٹ کی جانب سے ہالووین ڈے پریڈ کے اعلان کے بعد آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں ہالووین کے تہوار کی مناسبت سے مختلف کاسٹیومز میں ملبوس افراد شہر کی ایک مرکزی شاہراہ پر جمع ہوگئے۔
پریڈ میں شرکت کی غرض سے جمع ہونے والے لوگ پریڈ کے آغاز کا انتظار کرتے رہے لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کا انتظار طویل ہوتا چلاگیا۔
بڑی تعداد میں لوگوں کے جمع ہونے سے اطراف کی سڑکیں بھی بند ہوگئیں جس کے بعد پولیس کو حرکت میں آنا پڑا اور پریڈ کے لیے جمع ہونے والوں کو وہاں سے ہٹا دیا گیا۔
پولیس کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ ڈبلن میں کوئی پریڈ شیڈول نہیں ہے، یہ اعلان سن کر پریڈ کے لیے جمع ہونے والوں کی حیرانی مزید بڑھ گئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق پریڈ کا اعلان ’مائی اسپرٹ ہالووین‘ نامی مصنوعی ذہانت سے بنائی گئی ایک ویب سائٹ سے کیا گیا تھا جو پاکستان سے ہوسٹ کی جاتی ہے۔
ویب سائٹ پر ہی اس بات کا اعلان کیا گیا کہ جمعرات کی شام 7 بجے سے 9 بجے تک ہالووین ڈے پریڈ کا انعقاد کیا گیا ہے۔
اگرچہ ویب سائٹ کی جانب سے اس جھوٹے اعلان کا سبب تو سامنے نہیں آسکا لیکن اکثر لوگوں کا خیال ہے کہ ویب سائٹ کا مقصد اشتہارات سے پیسے کمانا تھا۔