Time 04 نومبر ، 2024
پاکستان

پی آئی اے خریدیں گے چاہے جہاں تک بولی جائے: وزیراعلیٰ پختونخوا

پی آئی اے خریدیں گے چاہے جہاں تک بولی جائے: وزیراعلیٰ پختونخوا
یہ لوگ بالواسطہ خود ہی اونے پونے پی آئی اے خرید رہے تھے، انہیں کسی صورت پی آئی اے خریدنے نہیں دیں گے: علی امین گنڈاپور۔ فوٹو فائل

اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ ہم پی آئی اے خریدیں گے چاہے اس کی بولی جہاں تک بھی جائے۔ 

اپنے ایک بیان  میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ ہماری حکومت پی آئی اے خریدے گی اور اسے اسی نام پی آئی اے سے چلائے گی۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جہاں تک بھی بولی جائے گی دیں گے مگر انہیں پی آئی اے خریدنے نہیں دیں گے، قوم کے سامنے آچکا ہے کہ ان کی نیت کیا تھی، یہ لوگ بالواسطہ خود ہی اونے پونے پی آئی اے خرید رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی رپورٹ آچکی ہے جس  میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے سوا کسی صوبے نے آئی ایم ایف کا ہدف حاصل نہیں کیا۔ 

واضح رہے کہ چند دن قبل پی آئی اےکی خریداری کے لیے واحد بولی دہندہ کمپنی نے رقم میں اضافے سے انکار کر دیا تھا۔

نجکاری کمیشن نے پی آئی اے کی کم از کم قیمت 85 ارب 3 کروڑ روپے رکھی تھی جبکہ بولی دینے والی واحد کمپنی نے 50 فیصد حصص خریدنے کے لیے 10 ارب روپے کی بولی لگائی۔

بعد ازاں خیبر پختونخوا اور پنجاب حکومت کی جانب سے پی آئی اے کی خریداری میں دلچسپی کے اعلانات سامنے آئے او ر  خیبر پختونخوا حکومت نے وفاقی وزیر نجکاری کو خط لکھ کر کہا کہ وہ 10 ارب روپے کی بولی سے زیادہ کی بولی دینے کیلئے تیار ہیں۔

اسی طرح پنجاب حکومت کی جانب سے پی آئی اے خریداری کی بات پر گزشتہ دنوں نواز شریف نے کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز پی آئی اے کی خریداری سے متعلق غور کر رہی ہیں، مریم نواز نے اس سلسلے میں اُن سے صلاح مشورہ بھی کیا ہے، مریم نےکہا ہے کہ اُس ائیرلائن کا نام ائیر پنجاب رکھا جا سکتا ہے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ انہوں نے مریم نواز سےکہا ہےکہ آپ پی آئی اے کو خرید بھی سکتی ہیں اور نئی ائیرلائن بھی بنا سکتی ہیں۔

دوسری جانب سینئر وزیر پنجاب حکومت مریم اورنگزیب نے گزشتہ روزکہا تھاکہ  پنجاب حکومت پی آئی اے نہیں خرید رہی، جھوٹی خبر پھیلائی جا رہی ہے۔

مزید خبریں :