05 نومبر ، 2024
خیبرپختونخوا حکومت نے قبائلی اضلاع کے مدرسوں میں 300 سے زیادہ آلٹرنیٹ لرننگ پاتھ وے پروگرام سینٹرز کھولنے کا اعلان کردیا۔
قبائلی اضلاع میں 70فیصد لڑکیاں تعلیم سے محروم ہیں، تعلیمی اداروں سے باہر لاکھوں بچوں کو اسکول کے دریچوں تک لاناکے پی حکومت کیلئے بڑا چیلنج بنا ہوا ہے۔
دوسری جانب قبائلی اضلاع میں ہونے والی دہشتگردی کے باعث بھی لڑکیوں کے اسکولوں کو بہت نقصان پہنچا ہے، ان بچیوں کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
اس حوالے سے صوبائی وزیر تعلیم فیصل ترکئی نے کہا کہ اے ایل پی پروگرام کے تحت صوبے کے 27 اضلاع میں 1250 سے زیادہ سینٹرز قائم کیے گئے جہاں 62 ہزار سےزائد طلبا و طالبات زیر تعلیم ہیں۔
اب کے پی حکومت نے قبائلی اضلاع کےمدرسوں میں 300 سےزیادہ آلٹرنیٹ لرننگ پاتھ وے پروگرام سینٹرز کھولنے کا اعلان کردیاہے ، پروگرام کے تحت زیادہ عمر ہونے کے باعث اسکولوں میں داخلہ نہ ملنے والے بچوں کو 18 ماہ میں کورسز مکمل کروائے جاتے ہیں ۔
کورسز مکمل کرنے والے طلبہ کیلئے نشتر ہال پشاور میں گریجویشن تقریب کا انعقاد کیا گیا جس دوران ایل پی پروگرام کے تحت تعلیم مکمل کرنے والے طلبہ میں اسناد تقسیم کیے گئے۔
اس موقع پر خطاب میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ تعلیم کے فروغ کے لیے تمام اقدامات کیے جارہے ہیں۔