Time 06 نومبر ، 2024
دنیا

ڈونلڈ ٹرمپ دوسری مرتبہ امریکا کے صدر منتخب، کملا ہیرس کو شکست

ڈونلڈ ٹرمپ دوسری مرتبہ امریکا کے صدر  منتخب، کملا ہیرس کو شکست
فوٹو انٹرنیٹ

امریکی صدر کے انتخاب کیلئے تمام 50 ریاستوں میں ہونے والی پولنگ کے نتائج کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی معرکہ جیت لیا ہے۔

امریکی صدارتی انتخاب میں538 میں سے اب تک ڈونلڈ ٹرمپ نے 292 اور کملا ہیرس نے 226 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے ہیں۔

امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ نے 7 کروڑ 18 لاکھ 62 ہزار 502 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مد مقابل امیدوار کملا ہیرس نے 6 کروڑ 69 لاکھ 92 ہزار 830 ووٹ حاصل کیے۔

اب تک کے نتائج کے مطابق ایوان نمائندگان میں ری پبلکن 200 اور ڈیموکریٹس 180 نشستوں پر کامیاب ہو چکے ہیں۔

سینیٹ میں ری پبلکن نے 52 نشستوں کے ساتھ اکثریت حاصل کر لی ہے جبکہ ڈیموکریٹس نے ایوان بالا کی 43 نشستیں جیت لی ہیں۔

امریکا اب نئی بلندیوں پر پہنچے گا، ٹرمپ کا فتح کے بعد پہلا خطاب

امریکی صدارتی الیکشن میں کامیابی کے بعد فلوریڈا کے پام بیچ پر حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا آج ہم نے تاریخ رقم کی ہے، امریکا اب نئی بلندیوں پر پہنچے گا۔

ان کا کہنا تھا ملک کے تمام معاملات اب ٹھیک کریں گے، ایسی کامیابی امریکی عوام نے پہلے کبھی نہیں دیکھی، ایسی سیاسی جیت اس پہلے کبھی بھی نہیں دیکھی گئی، امریکا کو محفوظ، مضبوط اور خوشحال بناؤں گا، امریکا کو دوبارہ عظیم بنائیں گے، حامیوں کا شکریہ، آپ کے ووٹ کے بغیر کامیابی ممکن نہیں تھی۔

امریکا میں پولنگ مکمل ہونے کے اوقات بھی مختلف ریاستوں میں مختلف ہیں، 6 مختلف ٹائم زون کے باعث مختلف امریکی ریاستوں میں پولنگ کا اختتام الگ الگ وقت پر ہوا۔

امریکی میڈیا کے مطابق 7 کروڑ 89 لاکھ افراد پہلے ہی ووٹ کاسٹ کرچکے تھے اور کسی بھی امیدوار کو جیت کیلئے کل 538 میں سے کم از کم 270 الیکٹورل ووٹ درکار ہوتے ہیں۔

ووٹنگ کا اختتام الاسکا میں ہوا

امریکا میں 47 ویں صدر کے انتخاب کیلئے جاری پولنگ کا عمل امریکی ریاست انڈیانا اور کینٹکی میں پاکستانی وقت کے مطابق صبح 4 بجے ختم ہوا جب کہ ریاست ہوائی، الاسکا اور کئی مغربی ریاستوں میں پولنگ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بجے ختم ہوا، اس کے علاوہ جارجیا اور نیوکیرولائنا میں پولنگ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 6 سے7 بجے کے درمیان ختم ہوا۔

مشی گن، پنسلوینیا اور وسکونسن میں ووٹنگ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7 سے 8 بجے کے درمیان پولنگ ختم ہوئی جب کہ سب سے آخر میں الاسکا میں پاکستانی وقت کے مطابق صبح 11 بجے پولنگ کا وقت ختم ہوا۔

مزید خبریں :