05 نومبر ، 2024
امریکا میں آج صدارتی انتخابات میں ووٹنگ جاری ہے اور اس وقت تک تمام ریاستوں میں ووٹنگ کا آغاز ہوچکا ہے۔
صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس اور ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔
صدارتی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا آغاز ہوتے ہی ڈونلڈ ٹرمپ کی سوشل میڈیا کمپنی ٹروتھ سوشل کےشیئرز کی قیمت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ کی کمپنی ٹروتھ سوشل کے شیئرز کی قیمت میں منگل کی صبح 13 اور پیر کو 12 فیصد اضافہ ہوا۔
ٹرمپ کی سوشل میڈیا کمپنی ٹروتھ سوشل کوپچھلے ہفتےکے 3 دن بھاری نقصان ہوا تھا تاہم اب 2 دنوں کے دوران اس کے شیئرز کی قیمت میں 25 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔
خیال رہے کہ امریکا میں صدارتی انتخابات کے الیکشن کے دن کی ووٹنگ کا آغاز رات نیو ہیمپشائر میں ہوا اور پہلا ووٹ نیو ہیمپشائر کے ایک چھوٹے سے قصبے ڈکسوائل نوچ میں ڈالا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈکسوائل نوچ میں کل 6 ووٹ رجسٹر تھے جن میں سے ڈونلڈ ٹرمپ اور کملا ہیرس دونوں کو 3،3 ووٹ پڑے اور اس طرح نیو ہیمپشائر کے ایک چھوٹے قصبے میں ڈیموکریٹ اور ری پبلکن امیدوار میں مقابلہ برابر رہا۔