06 نومبر ، 2024
امریکی صدارتی الیکشن میں ری پبلکنز امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کامیابی حاصل کر کے دوسری مرتبہ امریکا کے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔
امریکا کی 50 ریاستوں میں ہونے والے صدارتی الیکشن میں ڈونلڈ ٹرمپ نے 538 میں سے 277 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے جبکہ ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس 226 الیکٹورل ووٹ حاصل کر سکیں۔
امریکا میں کسی بھی صدارتی امیدوار کو جیت کے لیے 538 میں سے 270 الیکٹورل ووٹ درکار ہوتے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کی 27 ریاستوں میں کامیابی حاصل کی جبکہ کملا ہیرس 19 ریاستوں میں کامیاب رہیں، 7 سوئنگ ریاستوں میں سے بھی 4 میں ڈونلڈ ٹرمپ کامیاب قرار پائے۔
صدارتی الیکشن میں دو ریاستیں فلپ ہوئیں یعنی یہ دونوں ریاستیں 2020 کے الیکشن میں ڈیموکریٹس نے جیتیں تھیں جو حالیہ الیکشن میں ریپلکنز نے دوبارہ حاصل کر لی ہیں، ان ریاستوں میں جارجیا اور پینسلوینیا شامل ہیں۔
جارجیا میں ڈونلڈ ٹرمپ نے 50 اعشاریہ 7 فیصد اور کملا ہیرس نے 48 اعشاریہ 5 فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ پنسلوینیا میں ڈونلڈ ٹرمپ نے 50 اعشاریہ 8 فیصد اور کملا ہیرس نے 48 اعشاریہ ایک فیصد ووٹ حاصل کیے، جارجیا کے الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 16 اور پنسلوینیا کے 19 الیکٹورل ووٹ ہیں۔
تاہم ابھی امریکی صدارتی الیکشن کے مکمل نتائج موصول نہیں ہوئے ہیں لہذا اس بات کا امکان موجود ہے کہ فلپ ریاستوں کی تعداد میں ردوبدل ہو جائے۔