06 نومبر ، 2024
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما رؤف حسن نے کہا ہے کہ امریکا میں ہمارے لوگوں کی ٹرمپ کی ٹیم کے ساتھ دو یا 3 میٹنگز ہوئی ہیں، جہاں یہ ضمانت ملی ہے ہم عمران خان سے متعلق معاملے کو ترجیح دیں گے۔
جیو نیوز کی امریکی انتخابات کے حوالے سے جاری خصوصی ٹرانسمیشن میں بات کرتے ہوئے رؤف حسن کا کہنا تھاکہ ہم نےکبھی امید نہیں لگائی ٹرمپ کے جیتنے سے بانی پی ٹی آئی آزاد ہوجائیں گے، نہ کوئی امید لگائی تھی اورنہ ٹرمپ کے جیتنے پر کوئی امید لگا کربیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے عدلیہ، پارلیمان اور پرامن احتجاج کا سہارا لیا ہے، ہم نے انہی پلیٹ فارمز کا استعمال کیا ہے، کبھی کسی لیڈر نے میٹنگز میں نہیں کہا ٹرمپ آئے گا اور عمران خان کو آزاد کرائے گا، یہ ایک پروپیگنڈے کے طور پر پیش کیا جاتا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ امریکا سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں پی ٹی آئی کے لوگوں نے عمران خان کی رہائی کیلئے آواز ٹھائی اور امریکا میں بھی ان کو پذیرائی ملی ہے، میرا خیال ہے ٹرمپ کی ٹیم کے ساتھ ان کی دو یا 3 میٹنگز ہوئی ہیں، جہاں یہ ضمانت ملی ہے ہم اس معاملے کو ترجیح دیں گے، اب اس کا کیا مطلب ہے کیا نہیں ہے ہم نہیں جانتے نا ہی ان سے براہ راست رابطہ ہے اور نا ہی ہم ٹرمپ کی جیت سے کوئی امید لگا کر بیٹھے ہیں۔