07 نومبر ، 2024
وزیر تعلیم خیبر پختونخوا فیصل ترکئی نے کہا ہے کہ احتجاج ہر کسی کا حق ہے لیکن اسکول بند کرنا غیر قانونی ہے، اسکول بند کرنے کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم کے پی فیصل ترکئی نے کہا کہ بعض اساتذہ نے طلباء کو اسکلول سے نکال کر ویڈیوز بنائیں، احتجاج ہر کسی کا حق ہے لیکن اسکول بند کرنا غیر قانونی ہے۔
فیصل ترکئی نے کہا کہ طلباء کی تعلیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، اساتذہ سے دوبارہ التجاء ہے کہ احتجاج ختم کریں، تمام مسائل مل بیٹھ کر حل کیے جا سکتے ہیں۔
صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا ہے کہ اساتذہ احتجاج کی کال واپس لیں تو مذاکرات کے لیے تیار ہیں، اساتذہ جب چاہیں وزیراعلی خیبر پختونخوا کے سامنے اپنے مطالبات رکھ سکتے ہیں۔ اساتذہ کے تمام جائز مطالبات تسلیم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی اپ گریڈیشن کا معاملہ معاشی مسائل کی وجہ سے التواء کا شکار ہے، وقت کے ساتھ یہ تمام مسائل حل ہو جائیں گے، اساتذہ کے ایشوز پر کمیٹی بھی قائم کر رکھی ہے، احتجاج سے قبل بھی اساتذہ کو وزیراعلیٰ کے ساتھ بیٹھ کو مسائل حل کرنے کا کہا تھا۔