08 نومبر ، 2024
لاہور: پاکستان اور سعودی ویمنز فٹبال ٹیموں کے درمیان دوستانہ میچ کے معاملے پر پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کو خط لکھ دیا۔
خط میں پی ایف ایف نے پی ایس بی کو دوستانہ میچ کیلئے این او سی جاری کرنے کی درخواست کرتے ہوئے لکھا کہ سعودی فٹبال فیڈریشن نے پی ایف ایف کو قطر میں 7 دسمبر کو دوستانہ میچ کی آفر دی ہے، سعودیہ کی جانب سے یہ غیر معمولی دعوت نامہ آیا ہے، دونوں فیڈریشنز کے درمیان تعلقات بڑھانے کا یہ اچھا موقع ہے۔
اپنے خط میں پی ایف ایف نے مؤقف اختیار کیا کہ سعودی عرب کا دعوت نامہ 28 اکتوبر کو موصول ہوا، اس وجہ سے پی ایف ایف پی ایس بی کے این او سی کیلئے بنائے گئے قواعد پر پورا نہیں اترتا، پی ایف ایف درکار تمام مطلوبہ دستاویزات جمع کروانے کو تیار ہے، وقت کی کمی کے باعث نیشنل ویمنز فٹبال ٹیم کے دستے کو این او سی جاری کی جائے۔
پی ایف ایف نے پی ایس بی کو خط کے ساتھ سعودی فیڈریشن کے دعوت نامے کے علاوہ ویمنز فٹبال ٹیم کا شیڈول بھی بھی ارسال کر دیا۔
پی ایف ایف کی جانب سے پاکستان اسپورٹس بورڈ کو دیا گیا ہے، ویمنز ٹیم 20 نومبر کو قطر کے دارالحکومت دوحا جائے گی، ویمنز ٹیم 20 نومبر سے 6 دسمبر تک ٹریننگ کیمپ میں حصہ لے گی جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ 7 دسمبر کو کھیلا جائے گا اور ویمنز ٹیم کی واپسی 8 دسمبر کو ہوگی۔
خیال رہے کہ سعودی عرب نے قطر میں پاکستان سے ویمن فٹبال میچ کھیلنے کی پیشکش کی ہے جس پر پاکستان فٹبال فیڈریشن نے بھی سعودی عرب سے میچ کھیلنےمیں دلچسپی کا اظہار کیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ میچ کیلئے پاکستان ٹیم کے تمام اخراجات بھی سعودی فٹبال فیڈریشن برداشت کرے گی جبکہ میچ کیلئے دونوں ٹیموں کا تربیتی کیمپ قطر میں ہی لگایا جائے گا۔