08 نومبر ، 2024
امریکا کی ریسرچ لیب سے درجنوں بندر فرار ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست جنوبی کیرولینا کے علاقے بیفورٹ کاؤنٹی میں قائم الفا جینیسس فیسیلٹی سے 43 بندر فرار ہوگئے جس پر انتظامیہ نے مقامی آبادی کو خبردار کردیا۔
بھاگنے والے بندر کا تعلق rhesus macaque نسل سے ہے جنہیں تحقیق کیلئے ریسرچ لیب کے پنجرے میں بند کیا گیا تھا۔
انتظامیہ نے بتایا کہ ریسرچ لیب میں یہ 50 بندروں پر مشتمل گروپ موجود تھا لیکن پنجرے کا دروازہ کھلا رہنے کی وجہ سے 43 بندر بھاگنے میں کامیاب ہوگئے جب کہ 7 پنجرے میں ہی موجود ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق بھاگنے والے تمام بندر مادہ تھیں، ان کےکم عمر ہونے اور 3.2 کلو کا وزن ہونے کی وجہ سے ان پر ریسرچ یا کوئی ٹیسٹ نہیں کیا گیا تھا۔
انتظامیہ نے شہریوں کو خبردار رہنے، دروازے اور کھڑکیاں بند رکھنے کی ہدایت کی ہے جب کہ بندروں کی تلاش کیلئے تھرمل کیمرے بھی نصب کیے جارہے ہیں۔