08 نومبر ، 2024
بھارتی میڈیا کے چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیم کے پاکستان نہ آنے کے دعوے پر ردعمل میں چیئرمین پی سی بی نے کہا ہےکہ کھیل میں سیاست نہیں ہونی چاہیے اور بھارت کے نہ آنے کے باوجود ہم اپنی تیاریاں جاری رکھیں گے۔
قذافی اسٹیڈیم میں جاری ترقیاتی کام کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں محسن نقوی نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان نہیں آرہی مگر بھارتی بورڈ نے ٹیم بھیجنے کے حوالے سے اب تک تحریری طور پر آگاہ نہیں کیا۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اگربھارتی ٹیم کے نہ آنے کا تحریری طورپربتایا گیا توحکومت کے پاس جاؤں گا اور پھرحکومت جو فیصلہ کرے گی اس پرعمل کریں گے۔
محسن نقوی کا کہنا تھاکہ 2 ماہ سے بھارتی میڈیا پرخبریں آرہی تھیں کہ بھارتی ٹیم نہیں آرہی، چاہتے ہیں کھیل میں سیاست نہ ہو، چیمپئز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل پر کوئی بات ہوئی اور نہ ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خیرسگالی کے جذبات کا مظاہرہ کیا ہے مگر ہردفعہ یہ توقع نہ رکھی جائے، اگرکوئی صورت حال ہے توپی سی بی کوتحریری طورپرآگاہ کیا جائے۔
واضح رہے بھارتی میڈیا دعویٰ کررہا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنے سے منع کردیا ہے۔
بھارتی بورڈ کے ذرائع کے مطابق بھارتی ٹیم کے میچز دبئی میں رکھنے کا مطالبہ کیا گیا ہے جب کہ بی سی سی آئی نے اپنے تحفظات سےحکام کو آگاہ کردیاکہ وہ نیوٹرل وینیوزپرمیچزکھیلنا چاہتے ہیں اور اس کے لیے دبئی بہترین جگہ ہے۔