Time 08 نومبر ، 2024
کھیل

مینز ٹیم اچھا کھیلتی ہے تو اس کا اثر ویمن ٹیم پر بھی پڑتا ہے: قومی کرکٹر ارم جاوید

مینز ٹیم اچھا کھیلتی ہے تو اس کا اثر ویمن ٹیم پر بھی پڑتا ہے: قومی کرکٹر ارم جاوید
بورڈ جلد از جلد ویمن کرکٹ لیگ کا انعقاد کرے تاکہ پاکستانی ویمن کرکٹرز کو بھی ٹاپ لیول کرکٹ کا بھرپور تجربہ حاصل ہو: ویمن کرکٹر— فوٹو: رپورٹر

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی ارم جاوید نے کہا ہے کہ پاکستان میں خواتین کرکٹ کی ترقی کے لیے ویمن کرکٹ لیگ کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارم جاوید نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے مطالبہ کیا کہ وہ جلد از جلد ویمن کرکٹ لیگ کا انعقاد کرے تاکہ پاکستانی ویمن کرکٹرز کو بھی ٹاپ لیول کرکٹ کا بھرپور تجربہ حاصل ہو۔

ارم جاوید نے بتایا کہ دیگر ممالک کی ویمن ٹیمیں کافی عرصے سے لیگ کھیل رہی ہیں جس سے نہ صرف ان کے کھیل میں بہتری آئی ہے بلکہ ان کی ذہنی پختگی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ "اگر ہمیں بھی لیگ کے مواقع فراہم کیے جائیں تو ہم بھی بین الاقوامی معیار پر کھڑے ہو سکیں گے"۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ ایونٹس میں پاکستان ویمن ٹیم کی کارکردگی میں واضح بہتری آئی ہے اور ٹیم نے ان حریف ٹیموں کو شکست دی ہے جن سے پہلے جیتنا مشکل ہوتا تھا۔ 

ارم جاوید کا کہناتھا کہ ویمن کرکٹ میں فٹنس اور مقابلے کا معیار بڑھ گیا ہے، مقابلے کا رجحان بڑھنے سے سینئر پلیئرز پر بھی کارکردگی دکھانے کا دباؤ بڑھا ہے جس سے کھیل میں مجموعی طور پر بہتری آئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر بار بار ہم وہی لڑکیاں آپس میں کھیلیں گی تو بہتری کا امکان کم ہوگا، ہمیں بین الاقوامی پلیئرز کے ساتھ کھیل کر سیکھنے کی ضرورت ہے۔

ایک سوال پر ارم جاوید نے کہا کہ مینز ٹیم اچھا کھیلتی ہے تو اس کا اثر ویمن ٹیم پر بھی پڑتا ہے اور ان کی دعائیں ہمیشہ مینز ٹیم کے ساتھ ہوتی ہیں۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ٹیموں کے ساتھ مینٹورز لگانے سے کھلاڑیوں کو بہت فائدہ ہوگا، کسی کو کوئی بھی مسئلہ ہوگا تو وہ ان مینٹورز سے ڈسکس کرسکتی ہیں، اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو پاکستان ویمن کرکٹ کو ترقی سے کوئی نہیں روک سکتا۔

مزید خبریں :