Time 08 نومبر ، 2024
جرائم

راجن پور کے کچے میں پولیس مقابلہ، اشتہاری ڈاکو شاہد لونڈ مارا گیا

راجن پور کے علاقے کچہ بنگلہ اچھا میں پولیس مقابلے میں اشتہاری ڈاکو شاہد لونڈ مارا گیا۔

ضلعی پولیس آفیسر کے مطابق ہلاک اشتہاری ڈاکو کی گرفتاری پر ایک کروڑ روپے انعام تھا اور ہلاک ڈاکو پولیس اہلکاروں کے قتل، اغوا اور ڈکیتی کے مقدمات میں مطلوب تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہلاک ڈاکو شاہد لونڈ سوشل میڈیا پر پولیس کو دھمکیاں دیتا تھا۔

دوسری جانب پنجاب پولیس کی جانب سے بھی ڈاکو شاہد لونڈ کی ہلاکت پر بیان جاری کیا گیا ہے۔ 

پولیس نے شاہد لونڈ کا کریمنل ریکارڈ بھی سوشل میڈیا پر جاری کیا اور شاہد لونڈ کی ہلاکت کو کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف اہم ترین کامیابی قرار دیا اور کہا کہ رحیم یار خان اور راجن پور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں لونڈ گینگ کا سرغنہ ڈاکو شاہد لونڈ ہلاک ہوا۔ 

پولیس نے بتایاکہ ہلاک ڈاکو پولیس اہلکاروں کی شہادت، دہشت گردی، اغوا برائے تاوان، پولیس پر حملوں، قتل ،ڈکیتی جیسے 28 سے زائد سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب بین الاضلاعی اشتہاری تھا۔

آئی جی پنجاب نے کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف اہم ترین کامیابی پر رحیم یار خان اور راجن پور پولیس کو شاباش دی اور کہا کہ کچے کا علاقے سے دہشت گردوں، ڈاکوؤں اور شر پسند عناصر کا خاتمہ پولیس کا مشن ہے۔

خیال رہے کہ اگست میں ڈاکو شاہد لونڈ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، ان کی محکمہ داخلہ کے نمبر پر مبینہ کال کرتے ہوئے ویڈیو بنائی گئی تھی۔

شاہد لونڈ نے گفتگو میں کہا تھاکہ میں شاہد لونڈ بات کررہا ہوں لسٹ میں میرا نام سب سے پہلے ہے، اصل جو ملزم ہیں ان کے نام نہیں ہیں، انعام کے اعلان والی فہرست درست نہیں اسے دوبارہ بنائیں۔

مزید خبریں :