09 نومبر ، 2024
ایشین شوٹنگ کنفیڈریشن نے اپنی سالانہ رینکنگ جاری کردی جس میں پاکستان کی اولمپیئن شوٹر کشمالہ طلعت کو 10 میٹر ائر پسٹل میں ایشیا کی دوسری بہترین شوٹر قرار دے دیا۔
خواتین کی 10 میٹر ائر پسٹل رینکنگ میں کشمالہ طلعت 1350 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ بھارت کی ایشا سنگھ 1500 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہیں۔
خواتین کی 25 میٹر پسٹل رینکنگ میں کشمالہ طلعت نے 29ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ مردوں کی رینکنگ میں بھی پاکستانی کھلاڑی نمایاں رہے، 10 میٹر ائر پسٹل میں گلفام جوزف ساتویں نمبر پر جبکہ 25 میٹر ریپڈ فائر ایونٹ میں جی ایم بشیر 15 ویں نمبر پر ہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کشمالہ طلعت نے اپنی رینکنگ پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ایشیا کی دوسری بہترین شوٹر بننا میرے لیے ایک اعزاز ہے، 2025 میں مزید بہتر کارکردگی کے عزم کے ساتھ میدان میں اتروں گی، میرا ہدف مزید ٹریننگ کے ذریعے نئی بلندیاں حاصل کرنا ہے۔
کشمالہ نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی میرے لیے باعثِ فخر ہے اور لوگوں کی سپورٹ سے میرا حوصلہ اور بڑھتا ہے۔